انٹرنیشنل
پاکستان کیساتھ آزمودہ دوستی,سٹریٹجک تعلقات کو فروغ دینگے:چین
بیجنگ(اے پی پی)چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے پاکستان کی پائیدار اورمضبوط حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کیساتھ آزمودہ ودیرینہ سٹریٹجک تعلقات اوردوستی کو فروغ دیا جائیگا۔چینی اخبار’پیپلزڈیلی‘کی رپورٹ کے مطابق یہ بات انہوں نے حال ہی میں چین کادورہ کرنیوالی پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے ساتھ ملاقات میں کہی۔اس دوران وزیرخارجہ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اورعظیم قربانیوں کو سراہا اورکہاکہ بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی ان کوششوں کااعتراف کرناچاہئے ۔ ملاقات میں پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں ،علاقائی وبین الاقوامی امور اورمقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال جبکہ افغانستان میں دیرپاامن واستحکام کیلئے مشاورتی عمل کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔