صدر ملتان بار شیرزمان نے گرفتاری دینے سے انکار کردیا
لاہور (نیوز وی او سی آن لائن) ملتان بار توہین عدالت کیس میں لاہورہائیکورٹ نے ملتان بار کے صدر کو گرفتار کرکے کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا جس کے بعد وکلا نے عدالت پر ہی حملہ کردیا، چیف جسٹس کی حفاظت کیلئے رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ وکیلوں نے چیف جسٹس کی عدالت کو جانے والے راستے کا گیٹ بھی توڑ دیا۔اس کے بعد واٹرکینن اور پولیس کی اضافی نفری لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئی جہاں وکلاء پر لاٹھی چارج کیاگیا اور واٹر کینن کے استعمال کے بعد وکلا مال روڈ پر نکل آئے اور سڑک پر لیٹ کر احتجاج شروع کردیا، وکلا کیخلاف پولیس فورس کا استعمال ہونے پر کل ملک بھر میں ہڑتال کی کال دے دی گئی ۔ دوسری طرف ملتان بار کے صدر کی گرفتاری کے لیے پولیس حکام کے وکلاء کیساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اوراُنہوں نے گرفتاری دینے سے انکار کردیا۔
تفصیلا ت کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے ملتان بار توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ فل بینچ نے کل (منگل کو) ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر شیر زمان کو ہر حال میں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ بار اور دیگر اضلاع کے وکلا ہائی کورٹ پہنچ گئے اور ہنگامہ آرائی شروع کردی جبکہ سیکیورٹی پر تعینات ایک پولیس اہلکار کو بھی پھینٹی لگادی۔
پولیس کیساتھ آمنا سامنا ہونے کے بعد وکلا نے ہنگامہ آرائی شروع کردی جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری لاہور ہائیکورٹ میں طلب کرلی گئی جو سیکیورٹی صورتحال کو مدنظررکھتے ہوئےہنگامہ آرائی ختم ہونے کے باوجود تاحال احاطہ عدالت میں موجود ہے ۔