ووٹ کا تقدس نواز شریف نے پامال کیا، طاہرالقادری

لاہور 16 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ نااہل وزیر اعظم کہتے ہیں آئینی ترامیم کرکے رہیں گے، حالانکہ نواز شریف نے خود پہلے ووٹ کے تقدس کو پامال کیا۔
لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے طاہرالقادری نے کہا کہ ’ہم آج یہاں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین تنہا نہیں، جبکہ شہیدوں کے لواحقین ثابت قدمی سے انصاف کے منتظر ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج کا دھرنا جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے حصول کے لیے ہے، ہماری احتجاجی تحریک ختم نہیں ہوگی، انصاف مانگنے والے پرامن ہیں مگر یہ کمزوری کا اظہار نہیں، جبکہ انصاف ظالموں کا گریبان پکڑ کر بھی لے سکتے ہیں۔‘
طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ’پاناما کیس میں چور پکڑا گیا لیکن قاتل کا پکڑا جانا ابھی باقی ہے، 17 جون 2014 کو ایک قاتل نے حکم دے کر 14 انسانی لاشیں گرائیں، نواز شریف کے پیچھے بھی اصل قوت پنجاب حکومت ہے جبکہ شریف برادران کے انجام تک اندھیری رات ختم نہیں ہوگی۔‘
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حالیہ بیانات سے متعلق عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ ’نااہل وزیر اعظم کہتے ہیں آئینی ترامیم کرکے رہیں گے، نواز شریف بتائیں ووٹ کے تقدس کو پہلے پامال کس نے کیا، ووٹوں کی خرید و فروخت، بریف کیس کی سیاست کس نے شروع کی؟‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملک میں چھانگا مانگا کی سیاست نواز شریف نے متعارف کرائی اور ملک کے سیاسی نظام کو تباہ کیا، سیاست میں تماشا نواز شریف نے لگا رکھا ہے اور وہ وقت بھول گئے جب وہ ایم پی ایز کو خریدتے تھے۔‘

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں