ہمارا سیاسی اتحاد خود فریبی میں مبتلا جماعتوں کی نیندیں اڑا دیگا:پرویز مشرف
میرے دور کے بعد پی پی پی اور ن لیگ نے ملک کو لوٹا، ملک پر قرضوں کا بوجھ 80ارب ڈالر تک پہنچ گیا، ٹیلی فونک خطاب فیصل آباد (نمائندہ دنیا) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ، سابق صدر مملکت اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ہمارا سیاسی اتحاد تیسری قوت بن کر خود فریبی میں مبتلا سیاسی جماعتوں کی نیند اڑا دیگا۔ سپریم کورٹ کے فیصلوں سے انحراف اور اداروں کیخلاف پراپیگنڈا ن لیگ کا وتیرہ رہا ہے ۔ فیصل آباد میں جلسے سے ٹیلی فونک خطاب میں پرویز مشرف نے کہا کہ میرے دور میں ہر پاکستانی کو ملک پر فخر تھا۔ ہم دنیا کی آنکھوں میں ڈال کر بات کرسکتے تھے ۔ فیصل آباد ملک کا اہم ترین صنعتی شہر ہے ۔ میں نے اپنے دور میں یہاں انڈسٹریل زون قائم کیا۔ میرے دور کے بعد پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ملک کو لوٹا۔ صرف 9 سال میں ملک کے قرضے 38 ارب ڈالر سے بڑھ کر 80 ارب ڈالر تک جا پہنچا ہے ۔ سیاسی نظام میں اخلاقیات کا جنازہ نکل چکا ہے ۔ برآمدات میں پانچ ارب ڈالر کمی واقع ہوچکی ہے ۔ فیصل آباد کے 400 میں 100 صنعتی یونٹس بند ہوچکے ہیں۔ جب حالت یہ ہو تو غریب کا کیا ہوگا؟ مہنگائی بے قابو ہے ۔ بیرونی سرمایہ کاری کا گراف نیچے آرہا ہے ۔ ہمارے سیاسی اتحاد کے جلسے ہوتے رہیں گے ۔






