بھارت کی رن مشین سے کوئی مقابلہ نہیں،بابر اعظم نے ویرات کوہلی سے موازنہ مسترد کر دیا

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستانی نوجوان بیٹسمین بابر اعظم نے ویرات کوہلی سے اپنا موازنہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی رن مشین سے ان کا کوئی مقابلہ نہیں،ان کا کہنا تھا کہ میرے کیریئر کی ابھی ابتداء ہے جبکہ انڈین کپتان عظیم بیٹسمین ہیں تاہم ان جیسا کہلایا جانا بہت اچھا لگتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ہونے والے ایک چیٹ سیشن کے دوران کسی پرستار نے نوجوان پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم سے سوال کیا کہ جب انہیں پاکستان کا ویرات کوہلی کہا جائے تو کیسا لگتا ہے ،قومی بیٹسمین نے فوری جواب دیا کہ ان کا بھارتی کپتان سے کوئی مقابلہ نہیں کیونکہ ویرات کوہلی ایک عظیم بیٹسمین اور رن مشین ہیں جبکہ انہوں نے تو ابھی کیریئر کا آغاز ہی کیا ہے تاہم یہ ایک علیحدہ بات کہ ان جیسا کہلایا جانا بہت اچھا لگتا ہے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی اپنے ایک بیان میں اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ بائیس سالہ کھلاڑی کو دیکھ کر ویرات کوہلی کی یاد آجاتی ہے جو اس عمر میں اتنے ہی اچھے بیٹسمین تھے ۔ مکی آرتھر نے آسٹریلیا کیخلاف گزشتہ ٹیسٹ سیریز کے دوران واضح الفاظ میں کہا تھا کہ بابر اعظم ابھرتا ہوا غیر معمولی صلاحیت کا مالک پلیئر ہے اور ان کی رائے ممکن ہے کہ بہت زیادہ بلند سمجھی جائے لیکن اس عمر میں ویرات کوہلی بھی اتنے ہی بہترین بیٹسمین تھے اور بابر اعظم نے بھی اسی مقام کو حاصل کر لیا ہے اور مستقبل میں پاکستانی بیٹسمین سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ واضح رہے کہ بابر اعظم نے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کیخلاف 46 رنز کی اننگز تراشی تھی اور وہ اپنے ون ڈے کیریئر کے دوران 31 میچوں میں پانچ سنچریوں اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1455 رنز بنائے ہیں جبکہ ان کو ٹیسٹ کرکٹ میں بھی قابل اعتماد بیٹسمین سمجھا جاتا ہے جو قومی ہیڈ کوچ کے مطابق مستقبل کے عظیم بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں۔