قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کیلئے تمام قومی قوتیں مل کر کام کریں،آرمی چیف
راولپنڈی 8 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کیلئے تمام قومی قوتیں مل کر کام کریں، دہشت گردی کے خاتے کیلئے ملکی اداروں کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رہے گی، راجگال کے مشکل ترین علاقے میں آپریشن کے دوران کم سے کم نقصان پاک فوج کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کا عکاس ہے، باہمی تعاون سے پائیدار علاقائی امن کی پالیسی کے مقاصد حاصل ہو سکتے ہیں۔
پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں203ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیومیں منعقد ہوئی، کانفرنس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، کانفرنس میں علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں علاقائی امن و سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نے کہا کہ ہم اعتماد پر مبنی باہمی تعاون کے منتظر ہیں، باہمی تعاون سے پائیدار علاقائی امن کی پالیسی کے مقاصد حاصل ہو سکتے ہیں، کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کو ایل او سی کی صورتحال کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔ شرکاء نے تسلیم کیا کہ آپریشن ردالفساد سے طویل المدت مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن خیبر4کی کامیابی پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ راجگال کے مشکل ترین علاقے میں آپریشن کے دوران کم سے کم نقصان ہوا۔
آپریشن میں کم نقصان پاک فوج کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کا عکاس ہے۔ آرمی چیف نے قومی دفاع اور سلامتی کیلئے پاک فوج کے عزم پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے کوششیں جاری رکھیں جائیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملکی اداروں کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رہے گی، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کیلئے تمام قومی قوتیں مل کر کام کریں۔