دہشتگرد وں کا مقصد بچوں کو تعلیم ، مذہب سے دور رکھنا ہے ،ترک صدر
انقرہ (آئی این پی )ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کااصلی مقصد بچوں کو تعلیم اور مذہب سے دور رکھنا ہے ،دہشت گرد تنظیم پی کے جن مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے میدان میں ہے بالکل انہی مقاصد کو دہشت گرد تنظیم فیتو بھی حاصل کرنا چاہتی ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق محکمہ مذہبی امور کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالی مشرقی اور جنوب مشرقی اناطولیہ طلبا کے موسم گرما کی سرگرمیوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم بچوں کے سہانے خوابوں کو روندتے ہوئے اور ان کے مستقبل کو تباہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ نقصان پہنچا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد تنظیمیں پہلے اسکولوں، اساتذہ کو اپنا ہدف بناتی ہے تاکہ بچوں کے مستقبل کو ملیا میٹ کیا جاسکے ۔یہ تنظیمیں ہمارے مذہبی رہنمائوں اور علما کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ بچوں کو اسکولوں اور مساجد سے دور رکھا جاسکے اور اپنی تنظیموں کا آلہ کار بنایا جاسکے ۔ کیونکہ یہ لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ مساجد اور اسکولوں سے پڑھے ہوئی کبھی بھی دہشت گردوں کے ہتھے نہیں چڑھ سکتے۔