پاکستان

ایسے پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں ریاست کی عملداری ہوگی,کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہوگا:آرمی چیف,آپریشن خیبر فور پر اظہار اطمینان

پاک فوج ملک میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کیخلاف کامیابیاں حاصل کرکے قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے :جنرل قمرجاوید باجوہ،راجگال ویلی کا دورہ ،خیبر 4آپریشن پر بریفنگ راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ قوم کے مکمل تعاون سے ہم ایک ایسے نارمل پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں ریاست کی عمل داری ہوگی اور کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہوگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ روز خیبر ایجنسی کی راجگال ویلی کا دور ہ کیا جہاں انہیں خیبر 4 آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف کو بتا یا گیا کہ اس آپر یشن کے دوران 90فیصد سے زائد علا قہ خالی کرا لیا گیا ہے ، جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن خیبر4میں پیش رفت پر اطمینان کااظہارکیا اوراس میں حصہ لینے والی سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا،جنہوں نے دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانوں کو مہارت سے نشانہ بناتے ہوئے پاک فوج کو زیادہ جانی نقصان سے بچایا ۔آرمی چیف نے کہا کہ یہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد خیبر ایجنسی دہشت گردوں کے اثرسے پاک علاقہ ہو گا، عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کو اپنے گھروں میں دوبارہ واپسی کا موقع ملے گا اور ترقیاتی عمل تیز ہو گا ۔بعد ازاں افسروں اور جوانوں سے گفتگو کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ پاک فوج ملک میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کامیابیاں حاصل کرکے قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے ، ہم قوم کے مکمل تعاون سے ایک ایسے نارمل پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں ریاست کی عمل داری ہوگی اور کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہوگا ،چاہے وہ شہروں میں رہتا ہویا قبائلی یا دیگر دور دراز ایریا میں ،سب لوگ پاکستان کی تعمیرو ترقی اور خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں گے ۔اس سے قبل کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا نارتھ ،کمانڈر خیبر فورآپریشن میجر جنرل شاہین مظہر محمود نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید کاعلاقے میں پہنچنے پر استقبال کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button