شہداء کی قربانیاں ہمارے عقائد کا حصہ ہیں کیونکہ وہ مرتے نہیں بلکہ راہ حق کے گواہ کے طور پر زندہ ہیں،گورنر بلوچستان
کوئٹہ 5 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
شہداء پولیس بلوچستان کی جرأت وشجاعت کو خراج عقیدتپیش
گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے عقائد کا حصہ ہیں کیونکہ وہ مرتے نہیں بلکہ راہ حق کے گواہ کے طور پر زندہ ہیں انہوں نے شہداء پولیس بلوچستان کی جرأت وشجاعت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کے باعث آج ملک وصوبہ میں امن وآشتی کی راہ ہموار ہوئی ہے ہماری اور آپ کی پرامن زندگی کی خاطر شہداء نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء پولیس بلوچستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض‘ آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم‘ آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب کے علاوہ پولیس آفیسروں اور شہداء کے لواحقین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی گورنر نے کہا کہ یوم شہداء کا دن شہداء اور ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے جس میں پاک فوج، ایف سی اور لیویز کے شہداء بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید منظم اور مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور اس ملک وصوبہ سے دہشت گردی کا بہت جلد خاتمہ کریں گے۔ گورنر بلوچستان نے شہداء کے ورثاء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے پیاروں کی قربانیوں پر فخر ہے انہوں نے شہداء کی بیواؤں اور بچوں کے صبروحوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم پوری قوت اور توجہ کے ساتھ نہ صرف نہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں بلکہ محدود وسائل کے باوجود ان کی ہر ضرورت کو پورا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے آج کے حالات ماضی قریب کے چند سالوں سے بہتر ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب صوبہ میں امن وامان، سکون اور انصاف کا دور دورا ہوگا جس کے لئے ہر شہری کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔آخر میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے شہداء پولیس ویلفیئر کے لئے 50لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب نے بھی یوم شہداء کے حوالے سے خطاب کیا۔ اس سے قبل گورنر بلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ نے پولیس لائن بلوچستان میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔