Draft

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان کاریجنل پولیس دربار سے خطاب

گوجرانوالہ 3 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پولیس شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ یہ قربانیاں ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں اس راہ پر چلنے کیلئے بھرپور جذبے ‘ وژن‘ محنت ‘ دیانت او رپیشہ وارانہ اہلیت کی اشد ضرورت ہے ۔ وہ آج گوجرانوالہ میں اپنے پہلے باقاعدہ دورے کے موقع پر ریجنل پولیس دربار سے خطاب کر رہے تھے ایڈیشنل آئی جی / آر پی او گوجرانوالہ محمد طاہر‘ سی پی او گوجرانوالہ اشفاق خان‘ اضلاع کے ڈی پی اوز ‘ تمام اضلاع کے ایس ڈی پی اوز ‘ ایس ایچ اوز ‘ ایلیٹ فورس ، وارڈنز، ٹریفک پولیس ، ہائی وے پٹرول پولیس ، خواتین پولیس افسران اور اہلکار دربار میں شریک تھے۔ دربار کی نظامت کے فرائض اسسٹنٹ ڈائر یکٹر عمران اعظم رضا نے انجام دیئے ۔
خطاب کرتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس نے تمام افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے ضلع میں ہرجگہ پر عوام کو تحفظ کا بھرپور احساس دلائیں۔ ان کی توقعات پر پورا اترا جائے تاکہ معاشرے میں پولیس فورس کا بہتر امیج قائم ہو۔ عوام کے ہرشعبے کے افراد ان پر بھر پور اعتماد کریں ۔ انہوں نے کہاکہ تھانوں میں کسی صو رت بھی بداخلاقی کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔ ہر سائل کو عزت و تکریم دیتے ہو ئے اس کے مسائل کے حل کے لئے پیشہ وارانہ اہلیت کا مظاہرہ کیا جائے۔ اس طرح پولیس فورس کی معاشرے میں عزت و وقار میں اضافہ ہو گا۔ اس کی بدولت افسران اور اہلکار اپنی خدمات بہتر طورپر پیش کرنے کے قابل بھی ہوں گے۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ ریجن بھر سے مجھے کو ئی شکایت نہیں آنی چاہیئے ۔لہذا قانون و ضوابط پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بہتری کی جانب پیشرفت جاری رکھی جائے ۔انہو ں نے کہا کہ غریب ومستحق اور کم وسیلہ سائلوں کے مسائل حل کرنے کی جانب بھر پور توجہ دی جائے تاکہ ان کی دعائیں حاصل کی جاسکیں۔ انہو ں نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں معاشرے میں قانون کی حکمرانی او رعوام کو انصاف دلانے کے لئے چنا ہے۔ لہذا ہم میں سے ہرکسی کو اخلاقیات کادامن پوری مضبوطی سے تھام کر محکمانہ فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ انہو ں نے کہا کہ پولیس ایک ملازمت کا نام نہیں بلکہ زندگی گذارنے کا ایک بہترین فلسفہ اور ذریعہ ہے ۔ ہمیں اپنی اپنی حیثیت میں مظلوم اور بے بس لوگوں کی ہر طرح داد رسی کرنا ہو گی۔
آئی جی پنجاب نے پولیس افسران اور اہلکاران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں نظم و ضبط بھی ملحوظ خاطر رکھیں اور قانون کی پاسداری کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے کہاکہ صوبے کی پولیس فورس کی فلاح وبہبود ‘ اسے جدید رحجانات اور عوامی توقعات کے مطابق بنانا اولین ترجیح ہے۔ پولیس افسران اور اہلکاران کے رکے ہو ئے رسک الاؤ نس کو بحال کروایا جائے گا ڈیلی الاؤنس بھی بڑھایا جائے گا جبکہ ترقیوں کا نظام بھی بہتر بنایا جا رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ میں سزا و جزا اور چیک اینڈ بیلنس کا نظام پہلے سے موجود ہے جسے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایک سپاہی کی زندگی سیکڑوں دہشت گردوں سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے ۔ لہذا افسران کو چا ہیئے کہ وہ اہلکاروں کو مختلف فرائض سونپتے ہوئے ان کی سیکورٹی کا بھی خیال ر کھیں۔
آئی جی پولیس نے کہاکہ پولیس فورس کے افسران اور جوانوں کیلئے سی ایم ایچ کی طرز پر ایک جدید ہسپتال لاہور میں زیر تعمیر ہے جبکہ ہر ریجنل ہیڈ کوارٹر پر بھی ایک ایسا جدید ہسپتال قائم کیا جائے گا کیونکہ میرا ہر سپا ہی بہت قیمتی اورمجھے عزیز ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریجن بھرمیں مختلف شعبوں میں تعینات افسران اور اہلکاروں کو مرحلہ وار تربیت اور ریفریشر کورسز بھی شروع کروائے جا رہے ہیں تاکہ ہر افسر او ر سپاہی آپریشنل تیاری میں رہے۔ انہوں نے ہرضلع میں محکمانہ انفارمیشن سسٹم جدید رحجانات کے مطابق کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے تمام ذرائع استعمال کرنے پر بھی زور دیا۔
قبل ازیں آر پی او محمد طاہر نے آئی جی پنجاب کو خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ریجن کی پولیس کی کارکردگی کی تفصیلات بیان کیں ۔ اپنے دورے کے دوران آئی جی نے پولیس لائنز میں شہداء کی یاد گار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ بعد ازاں آر پی او آفس میں ریجن بھر کے افسران کے اجلاس سے خطاب بھی کیا اپنے دورے کے اختتام پر انہو ں نے کامونکی پولیس اسٹیشن میں فرنٹ ڈیسک کا بھی افتتاح کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button