شہباز شریف مستقل وزیراعظم ، پارٹی کے چار سینئر پارلیمنٹیرینز میں سے ایک عبوری وزیر اعظم ہو گا، سعد رفیق

اسلام آباد 29 جولائی 2017
(بشیر باجوہ پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
چوہدری نثار وزیراعظم کے امیدوار نہیں ہیں، کرپشن کا الزام لگایا گیا لیکن اقامے پر وزیراعظم کو نا اہل قرار دیا ہے لیکن عوام نے نا اہل نہیں کیا ،نجی ٹی وی سے گفتگو
سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کرپشن کا الزام لگایا گیا لیکن اقامے پر وزیراعظم کو نا اہل قرار دیا ہے لیکن عوام نے نا اہل نہیں کیا، پارٹی کے چار سینئر پارلیمنٹیرینز میں سے ایک عبوری وزیر اعظم ہو گا، شہباز شریف کو مستقل وزیراعظم بنایا جائے گا، چوہدری نثار وزیراعظم کے امیدوار نہیں رہے ہیں۔
جمعہ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم پر مقدمہ کرپشن کا بنایا گیا لیکن نا اہل اقامے پر کر دیا گیا۔ ہمیں سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے نا اہل قرار دے دیا ہے لیکن این اے 120کا الیکشن ثابت کرے گا کہ ہم اہل ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبوری وزیراعظم کے لئے ہماری پارٹی کے 4سینئر ترین ارکان میں سے ایک ہو گا۔
شہباز شریف کو مستقل وزیراعظم بنانے پر غور کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی نظر میں نواز شریف نا اہل نہیں ہوئے ہیں۔ چوہدری نثار وزیراعظم کے امیدوار نہیں ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کہا جا سکتا ہے کہ حسن نواز سے بڑی غلطی ہوئی جو انہوں نے وزیرعظم کو اپنی کمپنی میں ڈال دیا اور پھر ان کا نام نکالنا بھول گئے۔