وزیراعظم محمد نواز شریف مقبول مینڈیٹ رکھتے ہیں اور عوامی طاقت ان کے پیچھے ہے: احسن اقبال

اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف ملک کے ایک تجربہ کار رہنما ہیں وہ مقبول مینڈیٹ رکھتے ہیں اور عوامی طاقت ان کے پیچھے ہے، ان پر کسی قسم کی بھی بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی ہے اور وہ کیس میں فتح حاصل کریں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ”کپیٹل ٹاک “ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف جیسا فہم رکھنے والا رہنما پاکستان کا اثاثہ ہے۔ 2018ءکے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگی۔ اس وقت پاکستان سنگین چیلنجوں سے گزر رہا ہے، ملک کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، ہر شہری اور رہنما کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر سازش کو شکست دیکر ناکام بنائیں۔امریکہ ، افغانستان اور بھارت کے تعلق اور مشرق وسطی کے مسئلے سے خطے کی صورتحال تبدیل ہوئی ہے۔