نیازی صاحب کا نام تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا, شہباز شریف
ایک سیاسی بچے کے والد نے لوٹ مار کا ایسا بازار گرم رکھاتھا جس کی مثال نہیں ملتی، ان کے دور میں ہر روز نیا سکینڈل ملتا
سیاسی بنیادوں پر اربوں کے قرضے معاف کرا کے اشرافیہ کہلانے والوں کو بھی کٹہرے میں لانا ہوگا :ارکان اسمبلی سے ملاقات لاہور(سپیشل رپورٹر، خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر روز سیاسی تماشا لگاکرعوام کی قسمت کھوٹی کرنے والے ہوش کے ناخن لیں ،ماضی میں بھی دھرنوں ، لاک ڈاؤن ،کبھی سول نا فرمانی اورکبھی احتجاجی مظاہروں کے ذریعے ترقی کے عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی لیکن باشعور عوام نے احتجاجی سیاست سے لا تعلق رہ کر ان عناصر کے منفی عزائم کو ناکام بنایا ، عام انتخابات سے لے کرضمنی اوربلدیاتی انتخابات میں بھی عوام نے جھوٹ کی سیاست کے علمبرداروں کو مسترد کیا لیکن پے درپے شکست سے بھی نیازی صاحب نے کوئی سبق نہ سیکھا۔ ترقی اور عوام کی خوشحالی کیخلاف سازش کرنے کے حوالے سے نیازی صاحب کا نام تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا اورجب بھی ملک کی ترقی کے خلاف سازشوں کا ذکر ہوا تو سب سے پہلے ان کا نام آئے گا۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک مخالفین کو کھٹک رہا ہے ، سیاسی تماشوں کے شوقین سیاستدان عوام کی تقدیر سے کھیلنا بند کردیں اور ملک کو آگے بڑھنے دیں ، قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے سیاسی بازی گر بھی دھرنا گروپ کے ہمنوا بن گئے ہیں ۔ نیازی صاحب اپنے دائیں بائیں دیکھیں تو انہیں قرضے معاف کرانے اور قبضہ مافیا والے ہی نظر آئیں گے ۔نندی پور پاور پراجیکٹ میں مجرمانہ تاخیرکرکے لوٹ مار کا ذمہ دار بھی اب احتساب پارٹی میں پناہ لے چکا ہے ۔ایک جماعت نے کرپشن کے ذریعے ملک کو اندھیرے دئیے تو دوسری نے احتجاج کے ذریعے توانائی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالیں ۔مخالفین جان لیں کہ ان کی منفی سیاست کاہر حربہ ناکام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی بچے کے والد نے ملک میں لوٹ مار کا ایسا بازار گرم رکھاتھا جس کی ملک کی 70سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ سابق کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن کا ہر روزایک نئے سکینڈل کا تحفہ غریب قوم کو ملتا تھا ۔اس بچے کو پہلے اپنے والد کی لوٹ مار پر نظر ڈال لینی چاہیے اور یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ ان کی پارٹی کے دور اقتدار میں ہی قوم کو اندھیروں اوربے روزگاری کے عذاب دئیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر اربوں روپے کے قرضے معاف کرا کے اشرافیہ کہلانے والوں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی پرویز ملک، اسدالرحمن، خالد جاوید وڑائچ اور ایم پی اے محمود قادر خان شامل تھے ۔