پولیس مقابلہ میں مضروب ہونے والے بہادر پولیس کنسٹیبل بلال منظور کو 10لاکھ روپے کاامدادی چیک جاری۔

(گوجرانوالہ :- بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا
جرات و بہادری کو سراہتے ہوئے شاباش دی
سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے پولیس مقابلے میں مضروب ہونے والے کنسٹیبل بلال منظورکی بہادری کو سراہتے ہوئے اور جرات و بہادری سے ملزمان کا مقابلہ کرنے پر 10لاکھ روپے کا امدادی چیک د یا۔ انہوں نے ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو مزید علاج ومعالجہ کی ہر ممکن بہترسہولت فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بہادر اور نڈر پولیس افسران محکمہ کا سرمایہ ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال ماہِ دسمبر میں تھانہ کینٹ پولیس کومقبول ٹاؤن ترگڑی میں ڈکیتی میں مطلوب ملزمان کی موجودگی کی اطلاع ملی ۔ خطرناک ملزمان کی گرفتار ی کے لئے پولیس ٹیم موقع پر پہنچی تو مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی جس سے کنسٹیبل بلال منظور شدید زخمی ہوگیا۔ملزمان اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ مقامی پولیس نے شب و روز محنت کے بعد جدید سائنسی آلات کی بدولت ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور جیل بھجوا یا۔
گزشتہ روز سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے مضروب کنسٹیبل بلال منظور کی بہادری اور شجاعت کو سراہتے ہوئے اپنے آفس بلایا ۔ بہادری کی تعریف کرتے ہوئے اسے دس لاکھ روپے کا امدادی چیک دیتے ہوئے کہا کہ بلال منظور جیسے بہادر نوجوان محکمہ پولیس کے لیے فخر کا باعث ہیں جو اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے اپنی جان کی بھی پروا نہیں کرتے ۔ سی پی او نے مزید کہا کہ عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت میں اپنی جان کی پروا نہ کرنے والے بہادرپولیس افسران اور جوان عزت و تکریم کے حق دار ہیں ۔