جے آئی ٹی ممبران کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پرویز مشرف
سابق صدر آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے دبئی میں پارٹی ورکرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے ممبران کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے بہت ایمانداری اور محنت سے کام کیا، وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو لوٹنے اور اپنی تجوریاں بھرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ اْمید کرتا ہوں کہ جے آئی ٹی کی طرح عدالت بھی انصاف کے تقاضوں کو پورا اور عوام کی توقعات پر پورا اْترے گی۔ پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان میں مزید صوبے بننے چاہئیں تاکہ انتظامی مسائل حل ہو سکیں اور فیڈریشن مضبوط ہو، عمران خان کو چاہئے باقی پارٹیز کو ساتھ ملائے اور سب سے پہلے پاکستان کے اصول کو مدِ نظر رکھے ۔ پرویز مشرف نے مزید کہا کہ مجھے میرے والدین نے سکھایا کہ کبھی حرام کے پاس نہیں جانا، حلال رزق کمانا عین عبادت ہے ، مجھے اپنی گزاری ہوئی پوری زندگی پر فخر ہے کہ کبھی ایک روپیہ بھی حرام نہیں کمایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ سے گزررہا ہے ، وقت آ گیا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ ساتھ تمام پارٹیز کے کرپٹ لوگوں کا احتساب کیا جائے ۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ان جھوٹے اور کرپٹ سیاست دانوں سے نجات دلائے ۔






