موجودہ الیکشن کمیشن کے تحت آئندہ انتخابات نہیں لڑیں گے, حکومت ملی تووزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہوں گا، صدارتی نظام کا حامی ہوں , عمران خان

پختونخواوالی غلطیاں وفاق میں نہیں دہرائینگے ،چاروں گورنرہاؤسزکے استعمال کابھی سوچ رکھاہے ،نیب کی تشکیل نوکرینگے جوسب کااحتساب کرے گا،اس حوالے سے لوگوں کے نام بھی ذہن میں ہیں
ن لیگ کوایک موقع دینگے کسی اورکووزیراعظم بناکرمدت پوری کرلے ،تفصیلی گفتگو پروگرام’ایک دن دنیاکے ساتھ‘میں آج نشرہوگی،اگلے ہفتے وزیراعظم کیلئے بڑی الوداعی تقریب ہو گی،چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد(سہیل وڑائچ )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ ذاتی طورپرصدارتی نظام کاحامی ہوں،اگرحکومت ملی تووزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہوں گا،اسی طرح چاروں گورنرہاؤسز کے استعمال کابھی سوچ رکھاہے ،موجودہ الیکشن کمیشن کے تحت آئندہ انتخابات نہیں لڑیں گے ۔ دنیانیوزکے پروگرام’ایک دن دنیاکے ساتھ‘میں میزبان سہیل وڑائچ کیساتھ گفتگوکرتے ہوئے انکاکہناتھاکہ مسلم لیگ ن کوایک موقع دیں گے کہ وہ نوازشریف کی جگہ کسی اورکووزیراعظم بنالے تاکہ 5سالہ مدت پوری کر سکے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ صدارتی نظام کی حمایت پارٹی کی پالیسی نہیں بلکہ یہ میری ذاتی رائے ہے ،کیونکہ اس نظام میں پڑھے لکھے اورٹیکنوکریٹس بھی حکومت میں شامل ہوسکتے ہیں، موجودہ الیکشن کمیشن پرہمیں اعتمادنہیں اوراسکے تحت آئندہ انتخابات نہیں لڑیں گے ،عام انتخابات سے قبل نیاالیکشن کمیشن قائم کرناہوگا۔نیب کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ یہ ادارہ ناکارہ ہوچکاہے ،اقتدارمیں آئے تواس ادارے کی تشکیل نوکرینگے ،جوبین الاقوامی معیار کا ہوگا اور جوسب کا احتساب کریگا،اس حوالے سے میرے ذہن میں لوگوں کے نام بھی ہیں،ہم پختونخواوالی غلطیاں وفاق میں نہیں دہرائیں گے ،صوبے میں خدمت کااچھاموقع ملاجبکہ بہت کچھ سیکھنے کوملا۔اپنی والدہ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ ماں مٹن روسٹ بہت اچھابناتی تھیں،ویسے جاپانی کھانے میرے پسندیدہ ہیں، کپڑا جو ملے پہن لیتاہوں۔(انٹرویوآج رات10بجے دنیا نیوز پر نشرہوگا)۔قبل ازیں امریکی اخبار کوانٹرویومیں عمران خان نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کا قصہ تمام ہو چکا اور طویل تاریک رات بالآخر ختم ہو گئی،اگلے ہفتے نواز شریف کیلئے اسلام آبادمیں بڑی الوداعی تقریب ہوگی،پاناما لیکس میں نام آنے پر میں نے رسیدیں دکھانے کا تقاضا کیا مگر وہ نہ دے سکے ، شریف خاندان نے عدالت میں جھوٹ بولا اور فراڈ کیا، اب نواز شریف کیخلاف فوجداری کارروائی ہو گی جبکہ آرٹیکل 62/63کے تحت وہ مکمل طور پر نااہل ہو چکے ہیں، اگر عدالت نے وزیراعظم کو عہدے سے ہٹا دیا تو رواں برس کے اختتام تک ملک میں قبل از وقت انتخابات ہوتے نظر آ رہے ہیں۔