نئے پاکستان کا فیصلہ آئندہ ہفتے ہو جائے گا,اسلام آباد میں جشن منائیں گے عمران خان

نوازشریف نے ہمیشہ ڈاکوؤں سے مک مکا کیا، رپورٹ میں جو چیزیں سامنے آئیں نواز شریف کی جگہ میں ہوتا تو شرم سے ڈوب جاتا، کپتان
نیا پاکستان تب بنے گا جب چور قانون کے نیچے آئیں گے ، نواز شریف کا مستعفی ہونے سے انکار شرمناک ہے ، کارکنوں سے خطاب ، ٹوئٹر پیغام اسلام آباد ،کہوٹہ (نیوز ایجنسیاں ، دنیا نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہمیشہ ڈاکوؤں سے مک مکا کیا، شریف مافیا خود چوری کیلئے دیگر مافیا کا بھی دفاع کرتا ہے ، 30 سال سے نواز شریف کا احتساب نہیں ہوا، حکمراں جھوٹا ہو تو پورے ملک کا نظام تباہ کر دیتا ہے ، کرپشن اداروں کو مضبوط نہیں ہونے دے رہی ، نیا پاکستان تب بنے گا جب چورقانون کے نیچے آئیں گے ، اگلا ہفتہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم ہے ۔ پارٹی کارکنوں سے خطاب کر تے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے فیصلہ ہوجائے گا کہ ملک ڈاکوؤں کا ہے یا نیا پاکستان بنے گا، نواز شریف نے ہمیشہ پیسہ چلاتے ہوئے لوگوں کو خریدا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ میں جو چیزیں سامنے آئیں اگر نوازشریف کی جگہ ہوتا تو شرم سے ڈوب جاتا۔ عمران خان نے کارکنان کو اگلے ہفتے اسلام آباد آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب اسلام آباد آئیں گے اور ہم جشن منائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت بڑے عظیم خواب کا نام پاکستان ہے ، پاکستان آج ایک مقروض ملک بن چکا ہے ، دنیا میں سبز پاسپورٹ کی عزت نہیں کی جاتی ، ایک چھوٹا سا طبقہ ملک میں امیر ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اداروں کو خرید لیتے تھے ، کرپشن اور چوری نے اداروں کو تباہ کر دیا، عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے ۔ نواز شریف نے دیگر چوروں کو بھی ملک لوٹنے کا موقع دیا، جے آئی ٹی ممبرز کو پورے پاکستان کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں ، جے آئی ٹی نے جو کام کیا قوم آپ کو نہیں بھولے گی، ہم جے آئی ٹی ممبرز کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری، اثاثے چھپانے ، دروغ گوئی اور جعلسازی کے ثبوت سامنے آنے کے باوجود نواز شریف کا مستعفی ہونے سے انکار شرمناک ہے ۔ نواز شریف قوم کو دھوکا دینے میں مصروف ہیں، تمام اخلاقی جواز کھونے کے باوجود وہ صرف اقتدار میں رہنے کیلئے اپنے مرحوم والد اور بچوں کو بدنام کر رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ٹیکس ادا کرنیوالے لوگ کس طرح نواز شریف پر اعتماد کر سکتے ہیں، ٹیکس ادا کرنیوالے لوگ اسحاق ڈار اور ان کے تعینات کیے گئے ظفر حجازی اور سعید احمد پر کس طرح اعتماد کر سکتے ہیں جبکہ ان پر مجرمانہ مالی بے ضابطگیوں کے الزامات ہیں۔