سیکڑوں سنگین مقدمات میں مطلوب 10گروہوں کے 35ارکان گرفتار۔
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا
50لاکھ روپے سے زائدکا چھینا ہوا مال اور نقدی برآمد۔ملزمان سے 27نا جائز ہتھیاراور درجنوں گولیاں برآمد۔
مال و زر لوٹنے والوں کا اصل ٹھکانا جیل ہے انہیں ہر صورت جیل بھجوا کر دم لیں گے۔سماج دشمن عناصر کے خلاف موثر کارروائی جاری ہے ۔ شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں گے ۔ سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان
سٹی پولیس آفیسراشفاق خان نے کہا ہے کہ انسداد جرائم اور معاشرے سے سماج دشمن عناصر کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ شہریوں سے مال و زر لوٹنے والوں کا اصل ٹھکانا جیل ہے انہیں ہر صورت جیل بھجوا کر دم لیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں معززین اور پولیس افسران سے ماہ جون کی پولیس کارکردگی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی پولیس نے گزشتہ ماہ بہترین کارکردگی کا مظاہر کرتے ہوئے سیکڑوں مقدمات میں ملوث خطر ناک ڈکیت گینگ کے 10گروہوں کے 35ارکان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے50لاکھ روپے کا چھینا ہوا مال اورنقدی سمیت 27ناجائز ہتھیار برآمدکئے ۔گرفتارہ گروہوں میں غلام مرتضیٰ گینگ ، دانش عرف دانو، ظفر کالی ، نوید عرف نیدو وغیرہ شامل ہیں ۔گرفتار ملزمان نے دوران ابتدائی تفتیش انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ وہ پوش علاقوں میں اہل خانہ اور موٹر سائیکل سوار لوگوں کو اپنا نشانہ بناتے۔سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے مزید کہا کہ ملزمان شہر کے مضافات میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث او ر مختلف مقدمات میں مطلوب تھے ۔پولیس ٹیموں نے شبانہ روز محنت اور پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت سائنسی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور لاکھوں روپے کا لوٹا ہوا مال برآمد کیا۔بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مربوط حکمت عملی کے تحت خطر ناک ڈکیت گروہوں کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایس پی ڈویژنز کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے ۔ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ملزمان اور مجرمان اشتہاری کی گرفتار ی بارے مناسب ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ سٹی پولیس آفیسراشفاق خان نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں گے۔