کینیا میں دہشت گردوں نے9 شہریوں کے سر قلم کر دیے
نیروبی (آئی این پی)کینیا کے ساحلی علاقے لیموکانٹی میں دہشت گردوں نے9 شہریوں کے سر قلم کرڈالے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں مبینہ طور پرالقاعدہ کی تنظیم الشہاب سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد ملوث ہیں جبکہ یہ دل خراش واقعہ جما اور پینڈاگوا نامی گاؤ ں میں پیش آیا جو صومالیہ کی سرحد پر واقع ہیں ، یہی نہیں ان علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کو بھی نشانہ بنایا جاتارہا ہے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پولیس عہدیدار نے کہا کہ ‘9 افراد کو ہلاک کیا گیا ہے اور چند افراد کے سرقلم کردیے گئے ہیں’ تاہم نیروبی میں موجود پولیس ہیڈکوارٹرز سے واقعے کی تصدیق کی گئی ہے۔واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں لیمو کے ہی علاقے میں تین پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا گیا تھاجس کی ذمہ داری بھی شہاب پرڈالی گئی تھی۔الشہاب نامی گروہ موغادیشو میں حکومت کے خلاف برسرپیکار ہے لیکن پڑوسی ملک کینیا پر بھی حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔