ایران سے پاکستانی علاقے میں 3 مارٹر گولے فائر
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈاٌ
صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایرانی سرحدی محافظوں کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پاکستانی حدود میں 3 مارٹر گولے فائر کیے گئے، تاہم کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
لیویز ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے فائر کیے گئے مارٹر گولے ضلع پنجگور کے علاقے پروم میں آکر گرے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز اور فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور مارٹر گولوں کے ٹکڑے اکٹھے کیے۔
لیویز ذرائع کے مطابق مارٹر گولے پاکستان کی حدود میں تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر اندر آکر گرے، جس کے نتیجے میں پروم کے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پاکستان کی ایران سمیت دیگر ممالک کے ساتھ سرحد تقریباً 900 کلومیٹر طویل ہے۔
اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں متعدد بار ایران کی جانب سے مارٹر شیلز فائر کیے جاچکے ہیں، جس کے نتیجے میں جانی نقصان بھی ہوا، جس پر پاکستان نے متعدد مرتبہ ایرانی حکام سے احتجاج بھی کیا تاہم ان کا سلسلہ جاری ہے۔
رواں برس فروری میں بھی ایرانی بارڈر گارڈز نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں 4 مارٹر شیل فائر کیے تھے، تاہم کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔
گذشتہ برس دسمبر میں بھی بلوچستان کے ایران سے منسلک سرحدی علاقے پنجگور میں ایرانی سرحدی محافظوں نے مارٹر گولوں کی شیلنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی جاں بحق اور دیگر 2 زخمی ہوگئے تھے۔