رونالڈینیو دیگر فٹبالرز کے ساتھ پاکستان پہنچ گئے
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا
اسلام آباد: برازیل کے معروف فٹبالر رونالڈینیو اور انگلینڈ کے رائن گگز سمیت دنیا کے 7 بین الاقوامی فٹبالرز دو نمائشی میچ کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔
بین الاقوامی کھلاڑی لیژرز لیگ کی جانب سے ہفتہ (8 جولائی) کو کراچی میں جبکہ اتوار (9 جولائی) کو لاہور میں منعقد ہونے والے نمائشی مقابلوں میں شرکت کریں گے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیں گے۔
دبئی سے خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے والے فٹبالرز میں رونالڈینیو اور رائن گگز کے علاوہ ڈیوڈ جیمز، جارج بوٹینگ، رابرٹ پیریس، لوئس بامورٹے اور نکولس اینلکا شامل ہیں۔
عالمی شہریت یافتہ فٹبالرز کو اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے انتہائی سخت سیکورٹی میں دارالحکومت کے نجی ہوٹل میں پہنچایا گیا۔
دوستانہ میچ کی منتظم کمپنی ’لیژرز لیگ‘ کی جانب سے منعقدہ میچ میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے بین الاقوامی ٖفٹبالرز اسلام آباد میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
بین الاقوامی کھلاڑیوں کو بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وی وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا جبکہ ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
بین الاقوامی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے لیے پاک فوج کے دستے بھی ایئرپورٹ پر تعینات تھے۔
ان 7 بین الاقوامی کھلاڑیوں میں سے 2 کا تعلق برازیل، 2 کا تعلق انگلینڈ جبکہ ایک فٹبالر کا تعلق فرانس، ایک کا ہالینڈ اور ایک کا پرتگال سے ہے۔
پاکستانی اور غیرملکی فٹبالرز پر مشتمل ٹیمیں رونالڈینیو اور رائن گگز کی قیادت میں میدان میں اتریں گی۔
یاد رہے کہ میچ کا حصہ بننے والے پاکستانی فٹبالرز کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والے میچوں میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔