آرمی چیف کی جانب سے قومی ٹیم کیلئے استقبالیہ
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔
آرمی ہائوس روالپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ کی جانب سے سرفراز احمد کی زیر قیادت بھارت کو شکست دے کر چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی قومی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کپتان اور دیگر کھلاڑی ٹرافی سمیت شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان اور ٹیم آفیشلز بھی موجود تھے جس میں جنرل قمر جاوید نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں شاندار کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی۔
اس موقع پر انہوں فاتح ٹیم کو عمرہ پر بھیجنے کا بھی اعلان کیا اور توقع ظاہر کی کہ قومی ٹیم مستقبل بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کرتی رہے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم ہائوس میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب ہوئی تھی جس میں کھلاڑیوں کے ساتھ آفیشلز کو بھی انعامات سے نوازا گیا تھا۔