قومی ائیر لائن کا طیارہ گرانے کی مبینہ سازش ناکام
کراچی: قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کا طیارہ گرانے کی مبینہ سازش ناکام بنادی گئی۔
پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کیخلاف مبینہ سازش کا انکشاف ہوا ہے۔ حکام کو اے ٹی آر کی چیکنگ کے دوران انجن سے نٹ بولٹ اور اسٹیل وائر آلات ملے ہیں۔ حکام کے مطابق طیارہ اگر بغیر معائنے کے روانہ ہوجاتا تو کوئی المناک سانحہ رونما ہوسکتا تھا تاہم پی آئی اے کے انجینئرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سازش کو ناکام بنادیا۔ پی آئی اے کی ویجیلینس ٹیم نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں کہ انجن میں یہ آلات کہاں سے آئے۔
’’اے پی بی کے وائی‘‘ رجسٹریشن والا اے ٹی آر طیارہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب بہاولپور سے کراچی پہنچا تھا اور اسے اگلے روز فیصل آباد روانہ ہونا تھا۔ مذکورہ طیارہ میں ڈالے گئے آلات کی وجہ سے اس کے دونوں انجن خراب ہوگئے جس کے نتیجے میں پی آئی اے کو 6 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ اے ٹی آر کو گراوٴنڈ کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے اب پی آئی اے کے 9 میں سے 5 طیارے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔