قطر کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے؛ترکی
انقرہ:- ترکی نے کہا ہے کہ قطر کے حقوق کا ہرقیمت پر تحفظ کیا جائےگا، یہ بات ترکی کے وزیر دفاع فکری اسحاق نے قطری ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی، ترک وزیر دفاع نے انقرہ میں وزارت دفاع کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں کہاکہ خلیجی ممالک آپس میں بھائی بھائی ہیں اور ان کے درمیان اختلافات کو سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے طے کر لیا جائے گا۔
بات چیت کے دوران قطر کے حقوق کا بھی احترام کیا جائے گا، ترک صدر سے قطر کے وزیردفاع نے بھی ملاقات کی ہے اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، مصر اور بحرین نے قطر سے اپنے سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعلقات منقطع کردیے ہیں جبکہ ترک صدر نے قطر کو تنہا کرنے کی شدید مخالفت کی ہے، ترکی نے متعدد طیاروں اور ایک مال بردار بحری جہاز کے ذریعے قطر کو خوراک اور امداد روانہ کی ہے۔ دریں اثنا وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ٹرمپ اور اردوان نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا آیا تنازع کو کس طرح حل کیا جائے۔
اِس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے اور انتہا پسند نظریے سے نبردآزما ہونے کیلیے تمام ملک مل کر کس طرح کام کرسکتے ہیں، علاوہ ازیں بحرین نے کہا ہے کہ قطر پر ان کے ملک سمیت سعودی عرب، مصر اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے عائد پابندیاں قومی سلامتی کے تناظر میں بالکل جائز ہیں۔