وزیراعظم جلد کراچی کیلیے پیکیج کا اعلان کریں گے،گورنر سندھ
کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے خصوصاً امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد اقتصادی شعبہ اور معیشت کے استحکام کیلیے جامع اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے سینیٹر عبدالحسیب خان سے ملاقات کے دوران کیا جنھوں نے آج گورنر ہائوس میں ان سے ملاقات کی انھوں نے کہا کہ گزشتہ 4 سال کے دوران معیشت کے ہر میدان میں بتدریج ترقی ہوئی ہے اور تمام شعبوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے امن و امان اور انفرا اسٹرکچر کی فراہمی حکومت کی ذمے داری ہے جس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے وزیراعظم جلد کراچی کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں گے ، جس میں صنعتی علاقوں میں انفرا اسٹرکچر کی بحالی کا منصوبہ بھی شامل ہوگا، گورنر سندھ نے کہا کہ صنعت کا ر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ ٹیکس اصلاحات ، انفرااسٹرکچر سہولیات کی فراہمی اور دیگر مراعات کے ذریعے انھیں صنعتی پیداوار کیلیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی جانب توجہ دی جارہی ہے گورنر سندھ نے کہاکہ فارما سوٹیکل شعبے کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے کیونکہ صحت عامہ کو بہتر بنانے اور عوام کو دوائوں کی فراہمی میں اس کا کردار اہمیت کا حامل ہے انھوں نے کہا کہ جعلی دوائوں کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو معیاری اور مستند دوائوں کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے عبدالحسیب خان نے مسائل میں گہری دلچسپی لینے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فارما سوٹیکل صنعت کے مسائل کے حل سے عوام کو معیاری اور سستی دوائوں کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔