کپتان صرف مزے کیلئے ان کو لے کر تصویریں کھنچواتا پھر رہا ہے ،
(نیوزوی او سی )سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی سے یہ جو چھوٹے موٹے گندے انڈے ادھر ادھر جاتے ہیں ان گندے انڈوں کو عمران خان بھی ٹکٹ نہیں دے گا ، کپتان نے صرف مزا بنایا ہوا ہے ان کو لے کر تصویریں کھنچواتا پھر رہا ہے ، اختیارات پارلیمنٹ کو نہ دیتا تو نواز شریف تاحیات صدر بن جاتے ، نواز شریف چار سال میں صرف 4 مرتبہ اسمبلی آئے اس سے زیادہ تو محمد خان جونیجو آئے تھے ، اگر یہی معیار ہوا تو دوسرا و زیر اعظم صرف ایک بار آئے گا۔ ہم نے چین کے ساتھ دوستی کو آگے بڑھایا جس پر صرف ایک ملک کو اعتراض ہے جو میاں صاحب کا یار ہے ،کشمیر کاز ہمارا اپنا ہے ، اس لئے ہم کشمیر کی بات کرتے ہیں،بھارت تو نا گا لینڈ اور نیپال کو ہڑپ کر کے بیٹھا ہے ۔ دنیا وہاں نہیں دیکھتی، مودی صاحب کو گلے لگایا جارہا ہے ۔ یہاں میاں صاحب مری میں بیٹھ کر جانوروں کے ساتھ کھیل رہے ہیں ۔ ہفتہ کو مورو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ میاں صاحب آپ 4 مرتبہ اسمبلی آئے اور آپ خود کو اس ہاؤس کا لیڈر کہتے ہو ۔انہوں نے کہا کہ اگر میں نے پارلیمنٹ کو پاور نہ دی ہوتی تو آج میاں صاحب صدر ہوتے ۔ سیاست میں بہت دور کا سوچنا پڑتا ہے ، پاکستان نے کبھی کسی ملک کو دھمکی نہیں دی۔ بلاول صاحب نے 2 سال پہلے کہا کہ خدا کے واسطے وزیر خارجہ رکھو۔ وزارت خارجہ کو مضبوط کرو آپ دنیا کی ڈپلومیٹک جنگ ہار رہے ہو ۔ آصف زرداری نے کہا کہ دوستو ں کو کہتا ہوں کہ آپ پر امید رہیں اگلی فتح آپ کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اتنی صلاحیت ہے کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو پاکستان میں نہ ہو۔ صرف ہمارے پاس دماغ نہیں ہے ۔ اگر اسلام آباد ہماری بات سمجھنے لگے تو آج یہ پاور پلانٹ لگانے کی جو ناکام کوشش کر رہے ہیں اس میں کامیاب ہو جاتے ۔ ہمیں جب بھی حکومت ملی ہے مشکلوں میں ملی ہے اور جب چھوڑا ہے تو بہتر چھوڑا ہے ۔ آصف زرداری نے کہا کہ ہم چائنہ کو اس بات پر لے کر آئے کہ آپ کو گرم پانیوں پر آناہے تاکہ آپ کے لئے بھی دوسرا سہارا بنے سمندر کا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک کا مستقبل ہے تو پیپلز پارٹی کے پاس ہے ۔ بلاول اور آصفہ مستقبل کی لیڈر شپ ہے ۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سفارتی جنگ ہار رہا ہے لیکن حکومت پر اس کا کوئی اثر نہیں ہو رہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے نواز شریف کو وزیراعظم بنایا، پرویزمشرف نے نوازشریف کی سیاست ختم کردی تھی ۔چاہتے ہیں جیسی بھی ہو پاکستان میں جمہوریت ہی چلے ، پیپلزپارٹی نے نوازشریف کواس لیے بچایا کہ ڈکٹیٹر نے ان کواقتدار سے ہٹایا۔ نوازشریف یاد رکھیں کہ جب ہم میدان میں اتریں گے تو پتا چلے گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے ، جھوٹ پرسیاست نہیں چلتی۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کو جمہوریت کی طرف لاتی ہے اورنواز لیگ کھینچ کھینچ کر آمریت کی طرف لے جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان اور نظام کو لے کر چل سکتی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے 5 سالہ دور میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا ، 2018 میں ہم بتائیں گے کہ عوامی طاقت کیا ہوتی ہے ، آمریت کی گود میں پلنے والوں کی سوچ میں آج بھی ضیا زندہ ہے ، گزشتہ الیکشن میں آر اوز کے ذریعے دھاندلی کی گئی لیکن اب ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ آمریت کی گود میں پلنے والوں کی سوچ آج بھی تبدیل نہیں ہوئی۔ آمریت کو پھر سے آگے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔