سٹی پولیس آفیسراشفاق خان ، ڈی سی محمد عامر جان کا فروٹ و سبزی منڈی کھیالی اورسستا رمضان بازارشاہین آباد اورکھیالی کا وزٹ
(بشیر باجوہ بیورو چیف نیوز وائس آف کینیڈا)
سٹی پولیس آفیسراشفاق خان اور ڈی سی محمد عامر جان نے گزشتہ روزسبزی و فروٹ منڈی کھیالی اور سستا بازار کھیالی کا وزٹ کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو مقررہ ریٹ پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں گے ۔ انہوں نے مختلف سبزیوں اور دیگر اشیاء کی قیمتیں اور کوالٹی چیک کی اورعوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر سرکل کھیالی کے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کھیالی بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ رمضان پیکیج کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام الناس تک پہنچانے کے لئے مناسب قیمتوں اور اشیاء کے معیاری ہونے کے عمل کو یقینی بنایا جائے ۔کم سے کم ریٹ پر اشیاء فروخت کی جائیں اور منافع کی شرح بھی کم رکھی جائے ۔انہوں نے فروخت اور خرید کندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ رعایتی نرخوں کی بجائے، من مانی اور زائدقیمت وصول کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی پی او اشفاق خان نے پولیس افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کے انتظامات میں مزید بہتری لاتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی مزید نفری بڑھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سستے بازاروں میں ڈیمانڈ کے مطابق چینی کی مقدار بڑھائی جائے تا کہ شہریوں کو ان کی طلب کے مطابق چینی مل سکے ۔ اس موقع پر سی پی او اور ڈی سی نے انسپکشن رجسٹر پر اپنے تاثرات بھی درج کئے ۔