قطر نے عرب ممالک کے مطالبات کو’غیر حقیقی‘ قرار دے دیا
(بشیر باجوہ بیورو چیف نیوز وائس آف کینیڈا)
قطر کی وزارت خارجہ نے عرب ممالک کی طرف سے تعلقات کی بحالی کے لیے پیش کردہ 13 نکاتی مطالبات کو غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے ان پر جلد سرکاری موقف ظاہر کرنےکا اعلان کیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت کے احترام اور علاقائی سلامتی کی خاطر ہم عرب ملکوں کی طرف سے پیش کردہ مطالبات پرغور کر رہے ہیں، تاہم دوحہ ان مطالبات کوغیرحقیقی سمجھتا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے کویت کے ذریعے قطری حکومت تک اپنے مطالبات کی ایک فہرست پہنچائی تھی، جس میں قطر کے سامنے 13 مطالبات رکھے گئے تھے اور ان پر عمل درآمد کے لیے قطری حکومت کو 10 دن کی مہلت دی گئی تھی۔دوسری جانب عرب ممالک نے مطالبات پر عمل درآمد کی صورت میں قطر سے کشیدگی ختم کرنے کی جانب اشارہ دیا تھا۔ قطر سے کئے گئے مطالبات میں ایران کے ساتھ تعلقات کم کرنے، شام میں فوجی اڈے کو ختم کرنے جبکہ الجزیرہ نیوز نیٹ کو بھی 10 دن میں بند کرنے کا کہا گیا تھا.