دہشتگرد پے درپے وار کر رہے ہیں ،حکومت کا کوئی پتا نہیں، نیشنل ایکشن پلان کو داخل دفتر کر دیا گیا ہے‘ پیپلز پارٹی
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پیپلز پارٹی نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد پے درپے وار کر رہے ہیں اور حکومت کا کوئی پتا نہیں،وزیرداخلہ لاپتہ ہیں ، نیشنل ایکشن پلان کو داخل دفتر کر دیا گیا ہے ۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات چوہدری منظور نے کہا کہ دہشتگردوں نے ایک بار پھر پاکستان کے لوگوں کی خوشیوں پر وار کیا ہے، دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والوں کے ورثاءکے غم میں برابر کے شریک ہیں، عیدالفطر سے چند روز قبل کوئٹہ میں دھماکہ دہشتگردوں کا قوم کو کھلا چیلنج ہے، عید ہو یا کرسمس یا کوئی اور تہوار دہشتگردی خوشی کے ہر موقع کو غم میں بدلنے کیلئے وار کرتے ہیں،پوری قوم متحد ہو کر دہشتگردی کا مقابلہ اورخاتمہ کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد پے درپے وار کر رہے ہیں اور حکومت کا کوئی پتا نہیں،حکومتی وزرا ءاور سرکاری مشنری شریف خاندان کو جے آئی ٹی سے بچانے میں لگے ہوئے ہیں، وزیرداخلہ لاپتہ ہیں ، حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کو داخل دفتر کر دیا ہے ۔ چوہدری منظور نے کہا کہ ملک میں امن اور جمہوریت پی پی کی قیادت اور کارکنوں کی قربانیوں سے قائم ہوا، پیپلز پارٹی دہشتگردوں کے خلاف اس جنگ میں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک عوام کی قیادت کرے گی۔