سینیٹر بابر اعوان کا مستعفی ہونے کا فیصلہ
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
مرکزی قیادت کی جانب سے مسلسل نظر انداز کئے جانے پر رہنما پیپلزپارٹی اور سینیٹر بابر اعوان نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر بابر اعوان نے سینیٹ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں وہ آئندہ چند روز کے دوران اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو پیش کردیں گے۔ ذرائع کے مطابق بابر اعوان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں گے اس سلسلے میں تمام معاملات طے پاچکے ہے، بابر اعوان کی خواہش ہے کہ وہ تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے اپنی نئے سیاسی سفر کا آغاز کریں ۔اس بڑے سیاسی فیصلے پر بابر اعوان نے اپنے ساتھی وکلا سے بھی مشاورت مکمل کرلی ہے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب سے امتیاز صفدر وڑائچ، سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل، سابق وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان، صمصام بخاری، راجہ ریاض سمیت کئی اہم پی پی عہدے دار پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں جبکہ زرائع کا کہنا ہے کہ عید کے بعد اہم پی پی رہنما ندیم افضل چن بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرینگے۔