بھارت کے مسافر طیارے میں دوران پرواز بچے کی پیدائش
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
بھارت کی جیٹ ایئرویز نے دوران پرواز پہلے بچے کی پیدائش پر بچے کیلیے پوری عمر مفت سفری پاس دینے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے شہر دمام سے بھارتی شہر کوچی جانے والی جیٹ ایئرویز کی فلائٹ نمبر 569 نے 162 مسافروں کو لے کر دمام سے اڑان بھری اور جہاز ابھی بحیرہ عرب کے اوپر ہی پرواز کررہا تھا کہ مسافروں میں موجود کیرالا سے تعلق رکھنے والی حاملہ خاتون کی طبیعت خراب ہوگئی۔
جہازمیں سوار ایک نرس نے خاتون عملے کی مدد سے حاملہ خاتون کی مدد کی اوربچے کی بخیرو عافیت پیدائش ہوگئی، اس دوران جہاز کو کوچی کے بجائے ممبئی ایئرپورٹ پر اتارلیا گیا جس کے بعد زچہ وبچہ کوفوری طورپر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب جہاز میں پہلے بچے کی پیدائش پر جیٹ ایئرویز نے اعلان کیا کہ بچے کو ایک لائف ٹائم پاس دیا جائے گا جس پر وہ پوری عمر ہر جگہ مفت سفر کرسکے گا۔