بھارت کو پتا چل گیا باپ بیٹے کا رشتہ کیا ہوتا ہے، شاہد آفریدی
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ چمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت کو پتہ چل گیا ہوگا کہ باپ بیٹے کا رشتہ کیا ہوتا ہے۔
کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے ٹیم کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے کہا کہ ایک کپ جیتنے کا مطلب یہ نہیں کہ دنیا فتح کرلی بلکہ جیت کے تسلسل کو جاری رکھنا چاہیے۔ بوم بوم آفریدی نے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی اور جس طرح لوگوں نے قومی کرکٹرز کا وطن واپس پہنچنے پر استقبال کیا وہ قابل فخر ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ پاکستان کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے اپنی پہلی اننگ جیسی بھی کھیلی وہ سب کے سامنے تھی اور اب دوسری اننگ میں جو کچھ ہوگا وہ بھی سب کے سامنے ہوگا۔ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف انگلی اٹھانا آسان ہوتا ہے، ہمیں خود بھی کچھ کرنا چاہیئے، اچھی نیت ہوتی ہے تو اچھے لوگ مل جاتے ہیں اور اللہ بھی مدد کرتا ہے۔
___________________________