سستے رمضان بازاروں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت۔
گوجرانوالہ 17جون 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈ)
سٹی پولیس آفیسراشفاق خان نے ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان سستے بازاروں میں بھی گشت اور چیکنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے ۔شہریوں کو ہر صورت امن کی فضا فراہم کی جائے اس ضمن میں کوتاہی ناقابل برداشت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز خود گشت پر نکلیں اور ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ مناسب بریف بھی کریں۔ شہریوں کے ساتھ ساتھ سستے بازاروں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعینات عملے کو بھی اس ضمن میں ا عتماد میں لیا جائے اور انہیں بریف کیا جائے کہ کسی بھی مشکوک شخص یا شے کی موجودگی بارے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فروٹ و سبزی منڈی کھیالی اور سستارمضان بازار فتو منڈ اور کھیالی کا وزٹ کرتے ہوئے کیا ۔ سبزی منڈی کھیالی وزٹ کے دوران ڈپٹی کمشنر عامر جان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔سی پی او نے خرید و فروخت کندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ حکومت پنجاب کے مقرر کردہ نرخ کے مطابق اشیائے صرف کی خریدو فروخت کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے گاہکوں کو اس امر کا پابند کیا کہ مقررہ ریٹ سے زائد دام ہرگز ادا نہ کئے جائیں ۔مزید کہا کہ زائد دام وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے منڈی میں موجود افسران اور سٹاف سے ر ابطہ کیا جائے ۔ سی پی او آڑھتیوں ، مارکیٹ کمیٹی انجمن فروٹ منڈی کے عہدے داروں اور سستا بازار میں موجود عملے سے ملے ۔سی پی او نے اشیائے خورد کی طلب و رسد چیک کرتے ہوئے ان کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ وقت کی جانب سے صارفین کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ مصنوعی گرانی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی ۔ اس موقع پرایس ڈی پی او پیپلز کالونی رضا حسنین اعوان ، ایس ایچ او تھانہ صدر گوجرانوالہ انسپکٹر محمد سلیم اورسول لائنز و کھیالی سرکل اور تھانہ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔