نواز شریف اور عمران خان دونوں اسٹیبلشمنٹ کی پیداوارہیں -بلاول علی زرداری
پشاور: ( نیوزوی او سی) مقامی ہوٹل میں افطاری پارٹی اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا حکمرانوں کی کوئی ڈائریکشن نہیں، نواز شریف اور عمران خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا، حکمران ترقی کے دعوے کر رہے ہیں، ترقی ملک میں نہیں نواز شریف خاندان میں ہو رہی ہے۔ چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں خیبر پختونخوا تبدیل ہو گیا، وہ جھوٹ بولتے ہیں جیسے نواز شریف کے ترقی کے دعوے جھوٹے ہیں ایسے ہی عمران خان کے نعرے جھوٹے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان اور نواز شریف کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں ہے، نواز شریف سپریم کورٹ میں پیش ہونے کو اپنی تضحیک سمجھتے ہیں، وہ اپنی لوٹی ہوئی رقم کو بچانا چاہتے ہیں۔ فاٹا پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ فاٹا کے لوگ دربدر ہیں مگر وفاقی حکومت کچھ نہیں کر رہی ہے، فاٹا ریفارمز نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہے کچھہ عمل درامد نہیں ہو رہا۔ پیپلز پارٹی کے سربراہ مشال خان کیس پر بھی بولے، ان کا کہنا تھا مشال خان کے والد کہہ چکے ہیں کہ کیس کو مردان سے پشاور منتقل کیا جائے لیکن کچھ عمل نہیں ہو رہا، پی پی پی مشال خان کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پی پی پی ایک نظریاتی پارٹی ہے، ہم اکیلے عمران خان اور نواز شریف کا مقابلہ کریں گے، عید کے بعد پورے خیبر پختونخوا کا دورہ کرونگا، آئندہ انتخابات میں کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے۔