قطر کے لیے امریکی سفیر اپنے عہدے سے سبکدوش
دوحہ: 15جون 2017
(بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈ)
قطر کے لیے امریکی سفیر ڈانا شیل نے اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کردیا ۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں دانا شیل سمتھ نے کہاکہ وہ رواں ماہ قطر میں تین برس تک امریکی سفیر رہنے کے بعد سبک دوش ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے میری زندگی کا یہ سب سے بڑا اعزاز تھا۔ میں اس عظیم ملک کو یاد رکھوں گی۔
سمتھ نے اپنے پیغام میںیہ عہدہ چھوڑنے کی وجہ نہیں بتائی۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ سمتھ کا ذاتی فیصلہ تھا اور یہ فیصلہ انہوں نے رواں برس کے آغاز پر ہی کر لیا تھا۔ادھرامریکی محکمہء خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ سفیر دانا سمتھ کی ذمہ داریاں، رواں ماہ کے اختتام پر پوری ہو رہی ہیں۔ وہ رواں ماہ قطر چھوڑ دیں گی۔ بہ طور سفیر تمام ہی سفارت کار دنیا بھر میں اپنی خدمات انجام دینے کے لیے تعینات اور ٹرانسفر کیے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ سمتھ یہ عہدہ ایک ایسے موقع پر چھوڑ رہی ہیں، جب خلیجی ممالک اور قطر کے درمیان شدیدکشیدگی ہے۔