بنگلہ دیش اور سرحد سے ملحق بھارتی علاقے میں شدید بارش اور سیلاب سے دوروز میں 156 افراد ہلاک ہوگئے۔
واشنگٹن 15جون 2017
(بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈ)
بنگلہ دیش اور سرحد سے ملحق بھارتی علاقے میں شدید بارش اور سیلاب سے دوروز میں 156 افراد ہلاک ہوگئے۔
بنگلہ دیش میں ایک ہفتہ قبل بارش سے سات افراد کے ہلاک اور سیلاب سے ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچنے کے بعد ایک مرتبہ پھر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
بنگلہ دیش کے جنوب مشرق میں واقع تین پہاڑی ضلعے بارش سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
ڈیزاسٹرمنیجمنٹ کے سربراہ ریاض احمد کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز رانگاماتی میں 100، چٹاگانگ میں 36 اور 6 افراد بنداربن میں جاں بحق ہوئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے تازہ واقعے میں ضلع کھاگراچاری میں ایک اور دو افراد کوکس بازار میں جاں بحق ہوئے۔
ریاض احمد کے مطابق لینڈ سلائڈنگ سے متاثرہ ضلعوں میں تاحال کئی افراد لاپتہ ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ امدادی کارکن تلاش میں مصروف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں 4 فوجی اہلکار بھی شامل ہیں جو رانگاماتی میں امدادی کاموں میں مصروف تھے کہ لینڈ سلائیڈنگ کی ذد میں آگئے۔
بنگلہ دیش کے چند وزرا کا کہنا ہے کہ بارشوں سے نقصانات بہت زیادہ ہوئے ہیں اس لیے بیرونی امداد کی اشد ضرورت ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی سرحد سے ملحق بھارتی ریاست میزورام اور آسام میں بارش کے باعث 11 افراد ہلاک ہوگئے۔
میزورام کے حکام کا کہنا ہے کہ 9 لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں لیکن سات کے قریب افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
پاکستان کے مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے بنگلہ دیش کے وزیرخارجہ سے بارشوں سے ہلاکتوں اور نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔