کابل حملے میں طالبان ملوث نہیں، سراج الدین حقانی کی تردید
کابل 13جون 2017
(بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈ)
بے گناہ شہریوں کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی عمل سے دورہیں اوررہیں گے،امریکی ٹی وی کو آڈیو پیغام
حقانی نیٹ ورک کے سربراہ نے کابل میں ہونے والے حالیہ خونریز حملوں میں باغیوں کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق روپوش سراج الدین حقانی نے یہ بات امریکی ٹی وی کو آڈیو بیان میں کی ،اٴْنھوں نے خصوصی طور پر 31 مئی کے ٹینکر ٹرک بم حملے کا حوالہ دیا جو افغان دارالحکومت کے انتہائی قلعہ بند وزیر اکبر خان سفارتی سیکٹر میں واقع ہوا، جس کے بعد کابل میں ایک جنازے کے اجتماع پر تین خود کش حملے ہوئے، جب کہ گذشتہ ہفتے ہرات کے مغربی شہر کی ایک مسجد میں بم حملہ کیا گیا۔
اِن تین حملوں میں کم از کم 180 افراد ہلاک جب کہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔ تقریباً اِن تمام حملوں میں ہلاک ہونے والے شہری تھے۔حقانی نے زور دے کر کہا کہ جس کسی نے بھی اِن کی منصوبہ سازی کی اور اٴْن کی شہ پر ہوئے، وہ یقینی طور پر اسلامی امارات (طالبان) کی کارستانہ نہیں تھی، نا ہی وہ (ملک میں) کہیں بھی ایسی حرکات کریں گے، جن سے بے گناہ (افغان) شہریوں کو نقصان پہنچتا ہو۔