افغانستان ،امریکی ڈرون حملے میں طالبان کے ملٹری کمیشن کا سربراہ ملا عبدالباری مارا گیا
کابل 13جون 2017
(بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈ)
افغانستان ،امریکی ڈرون حملے میں طالبان کے ملٹری کمیشن کا سربراہ ملا عبدالباری مارا گیا
نیٹو قافلے پر بم حملے کے بعد امریکی فورسز نے فائرنگ کرکے 3شہریوں کو ہلاک کردیا
افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں طالبان کے ملٹری کمیشن کا سربراہ ملا عبدالباری مارا گیا جبکہ نیٹو قافلے پر بم حملے کے بعد امریکی فورسز نے فائرنگ کرکے 3شہریوں کو ہلاک کردیا۔پیر کو افغان میڈیا کے مطابق جنوبی صوبہ ہلمند میں امریکی ڈرون حملے میں طالبان کے ملٹری کمیشن کا سربراہ ہلاک ہوگیا۔افغان نیشنل آرمی کی 215میوند کورکی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملہ ضلع ناد علی میں کیا گیا جس میں طالبان کے ملٹری کمیشن کا سربراہ مار ا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے طالبان رہنما کی شناخت ملا عبدالباری کے نام سے ہوئی ہے جو گروپ کی ملٹری کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے متعدد حملوں میں ملوث تھا۔ادھر مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی فورسز نے فائرنگ کرکے 3شہریوں کو ہلاک کردیا۔ضلع غنی خیل کے انتظامی سربراہ عبدالوہاب نے بتایا ہے کہ نیٹو قافلہ دن ایک بجے کے قریب سڑک کنارے نصب بم کی زد میں آگیا دھماکے کے بعد غیر ملکی فورسز نے شہریوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دھماکے کی جگہ پر موجود تین افراد ہلاک ہوگئے ۔صوبائی گورنر کے ترجمان عطااللہ کھوگیانی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکی فوج نے فائرنگ کرکے تین شہریوں کو قتل کردیا۔