’’میرا ایجنڈایورپی خواتین کوکشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا ہے‘‘ : رفعت وانی
برلن(راشد بلال )’’ انسانی حقوق کے لئے آواز اٹھانے والی یورپی خواتین کو مقبوضہ کشمیر کی نہتی اور معصوم خواتین پر بھارتی مظالم سے آگاہ کرنا اپنا حق اور فرض سمجھتی ہوں ۔مقبوضہ وادی میں اب تک ہزاروں خواتین کی عزتیں پامال کی جاچکی ہیں اور ان پر تعلیم کے دروازے بھی جبراً بند کئے جارہے ہیں ۔یورپی برادری کو مذہب سے بالاتر ہوکر مقبوضہ وادی میں ہونے والے مظالم پر کشمیریوں کا ساتھ دینا چاہئے‘‘.
جرمنی میں مقیم انسانی حقوق کے لئے سرگرم مقبوضہ وادی کے ضلع کپواڑا سے تعلق رکھنی والی رفعت گل وانی نے ڈیلی پاکستان آن لائن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ رفعت گل وانی کو اپنے خاندان سمیت انڈیا کے مظالم کی وجہ سے ہجرت کرنی پڑی لیکن انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور بھارتی فوج کی بربریت پر آواز بلند کیے رکھی ہے۔ رفعت گل وانی مختلف جرائد میں کالم لکھ کر بھی بھارتی افواج کی بربریت کو بے نقاب کرتی ہیں۔ وہ مختلف بین الاقوامی کانفرنسز ، آئی۔سی۔ ڈی اور یورپین پارلیمنٹ میں مظلوم کشمیریوں کی ترجمانی کرچکی ہیں۔
انہوں نے کہا ’’ میں یورپ میں تمام پولیٹکل پارٹیز کو کشمیر کاز کی خاطرایک نیٹ ورک میں لارہی ہوں جبکہ تمام انٹرنیشنل فورمز کے ساتھ مل کر کشمیر کانفرنسزکرنے کا پروگرام بھی ترتیب دی رہی ہوں ۔میرا بنیادی مقصد کشمیر ایشوز کو اجاگر کرنا اور کشمیر میں جاری مظالم کی طرف اقوامِ عالم اور تمام ہیومن رائٹس آرگنائیزیشنز کی توجہ مبذول کروانا ہے‘‘۔