وزیراعظم محمد نوازشریف قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ کے دو روزہ دورے کی تکمیل پر ہفتہ کو وطن واپس پہنچ گئے۔
لاہور 01جون 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
وزیراعظم محمد نوازشریف قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ کے دو روزہ دورے کی تکمیل پر ہفتہ کو وطن واپس پہنچ گئے۔
قزاخستان میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سٹیٹ قونصل کے سربراہان کے 17 ویں اجلاس میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں پاکستان کو تنظیم کی مکمل رکنیت دے دی گئی۔ پاکستان 2005ءسے تنظیم کے مبصر ملک کے طور پر کام کررہا تھا اور 2010ء میں پاکستان نے تنظیم کی مکمل رکنیت کےلئے درخواست دائر کی تھی۔
سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر وزیراعظم نے قزاخستان، ازبکستان، افغانستان اور روس کے صدور کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے ان لیڈروں سے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن اور خوشحالی کے فروغ کےلئے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دیگر سربراہان مملکت کے ہمراہ آستانہ میں ایکسپو2017 کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔ وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر تجارت خرم دستگیر خان اور وزیر مملکت پٹرولیم جام کمال بھی ان کے ہمراہ تھے۔