پاکستان

مائنس نوازشریف فارمولا نہیں چلنے دیں گے، عابد شیرعلی

فیصل آباد: وزیرمملکت پانی وبجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ عمران خان تو کیا ان کے بڑے بھی وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں لے سکتے ہم پاکستان میں مائنس نوازشریف فارمولا نہیں چلنے دیں گے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ عمران خان جھوٹے اور مکار آدمی ہیں وہ آصف علی زرداری کے خلاف نہیں بولیں گے کیوں کہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ملک کی خدمت کرنے والے نواز شریف کے خلاف محاذ بنا لیا گیا، عمران خان نے کبھی نہیں کہا کہ زرداری کے خلاف جے آئی ٹی بننی چاہیے ساری توجہ جےآئی ٹی کی طرف ہوگئی ہے اور زرداری کی 90 فیصد کرپشن پیچھےچھپ گئی ذو الفقار مرزا نے سر پر قرآن رکھ کر زرداری کے خلاف شہادتیں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پرویز مشرف سے رابطہ کریں جس نے شریف فیملی کا احتساب کیا، وہ کیا ثابت کرنا چاہتے تھے کہ تذلیل کی جا رہی ہے، آف شور کمپنیوں میں شہید بینظیر کا نام بھی تھا کسی نے بلاول اور ان کے والد آصف زرداری سے نہیں پوچھا
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے اورعمران خان نے اداروں پر دباؤ ڈالنے کی سازشیں شروع کردیں ہیں۔ حسین نواز کی تصویر پی ٹی آئی کے ذریعے لیک ہوئی۔ تمام تحفظات سپریم کورٹ کو بتا دیے، جے آئی ٹی کا مطالبہ کرنےوالے تمام سیاسی ڈاکو ہیں۔ کیا تمام ادارے اپنا اپنا 40،40 سال کا احتساب کرانے کو تیار ہیں۔ عزیر بلوچ پر بھی جے آئی ٹی بننی چاہیے اور فریال تالپور سے پوچھنا چاہئے کہ عزیر بلوچ کس کا ساتھی تھا، مہران بینک لوٹنےوالوں، این ایل سی اسکینڈل میں ملوث افراد اور ماڈل ایان علی پر بھی جے آئی ٹی بنائیں جے آئی ٹی سب پر بنائیں تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔
وزیرمملکت نے کہا کہ اخلاقی جرأت کےساتھ سیاسی میدان میں آئیں، اداروں کے پیچھے چھپ کر لومڑیوں کی طرح وار نہ کریں، عمران خان یہ جان لیں کہ وہ تو کیا ان کے بڑے بھی وزیراعظم سےاستعفیٰ نہیں لےسکتے اور ہم کسی صورت بھی نوازشریف مائنس فارمولا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔ حق اور سچ کی فتح ہوگی، نواز شریف کا خاندان سرخرو ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں چوروں کی حکومت ہے عمران خان سرکاری ریسٹ ہاؤس میں بیٹھ کر سیاسی سرگرمیاں کر رہے ہیں اور اقتدار میں آنے کے لئے نتھیا گلی میں ڈارئی کلین کی دکان کھولی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button