حکومت سیاسی ہو یا فوجی کوئی بھی قوم کی توقعات پر پورا نہیں اتری:شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہاہے کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور پاکستان کا ہم پر بہت قرض ہے، ہمیں اجتماعی کاوشوں اور انتھک محنت سے پاک دھرتی کایہ قرض چکانا ہے، گزشتہ 70 برس کے دوران ہم من حیث القوم اپنی اپنی حیثیتوں سے انصاف نہیں کر سکے۔ ہم نے اپنے بچوں کو وہ پاکستان نہیں دیا جو ان کا حق ہے۔ وطن کی مٹی آج بھی ہم سے سوال کررہی ہے۔ 70 برس میں ہماری ناکامیاں زیادہ اور کامیابیاں کم ہیں۔ پاکستان اگر آج پیچھے ہے تو اس کا ذمہ دار کوئی ایک نہیں بلکہ ہم سب ہیں۔ سیاستدان، جرنیل، جج، بیورو کریسی، اشرافیہ اور ہم سب نے پاکستان کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ سیاسی حکومتیں ہوں یا فوجی کوئی بھی قوم کی توقعات پر پورا نہیں اترا۔ 70 برس گزرنے کے باوجود ہم آج بھی ایک دوسرے کے ساتھ دست و گربیاں ہیں۔ وطن عزیز کی مٹی ہم سے اپنا قرض چکانے کا سوال کر رہی ہے۔ ہم سب نے وطن عزیز کی خاطر ملکر کام کرنا ہے اور پاکستان کی عزت و وقار کو بلند کرنے کیلئے یکجان دو قالب ہونا ہے۔ آج بھی ہم ایک ہو جائیں تو پاکستان اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام ضرور حاصل کرے گا۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار نیشنل مینجمنٹ کورس میں شرکت کرنے والے اعلی افسروں سے خطاب کے میں کیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ معاشی و سماجی عدم مساوات نے دوریاں پیدا کی ہیں۔ معاشی و سماجی تفاوت پاکستان کے راستے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ امیر اور غریب کے بچوں کو یکساں حقوق اور مساوی مواقع ملنے تک پاکستان آگے نہیں بڑھے گا۔ سب کوآگے بڑھنے کے یکساں حقوق اور برابر کے مواقع ملنا ضروری ہیں۔ امیر اور غریب کے بچوں کے درمیان عدم مساوات کی خلیج کو توڑنا ہوگا۔ وزیراعلی نے افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے آپ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آپ محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کریں اور ملک و قوم کی خدمت کریں۔ وزیراعلی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بلدیاتی نظام عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور بلدیاتی ادارے جمہوری نظام کا اہم حصہ ہیں اور اس نظام کے ذریعے عوام کو بہترین سہولتیں ملتی ہیں۔ بدقسمتی سے آمرانہ حکومتوں نے ان اداروں کو اپنے اپنے ادوار حکومت کو طوالت دینے کے لئے استعمال کیا اور مشرف کا دور اس کی بدترین مثال ہے جب بغیر چیک اینڈ بیلنس اور موثر مانیٹرنگ کے ان بلدیاتی اداروں کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا۔ دیہی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا بھی ایک بڑا پروگرام بنایا گیاہے۔ دیہی آبادی کی ترقی و خوشحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے شہروں کی جانب آنے کا رحجان کم ہوگا تاہم اس ضمن میں مزید عملی اقدامات کرنے ہیں۔ عوام کی سہولت کے لئے خدمت سنٹرز بنائے گئے ہیں اور میں اس نئے نظام پر عملدرآمد کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جو ایٹمی طاقت بناہے او ریہ قومی سطح پر عزم وہمت کی داستان ہے-پاکستان کو نیوکلیئر پاور بنانے کے لئے تمام سیاسی حکومتیں، ادارے او رپوری قوم پر عزم تھی اور پوری قوم کی اجتماعی سوچ اور عزم کی بدولت پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے اس کادفاع نا قابل تسخیر ہوا اور اب دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتااور میں سمجھتا ہو ںکہ اجتماعی سوچ او رفکر ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے-پاکستان ایک طرف تو ایٹمی قوت ہے لیکن دوسری طرف تعلیم ،صحت او ردیگر سماجی شعبوں میںمقرر کئے جانے والے اہداف حاصل نہیں کئے گئے،جس کی ایک بڑی وجہ اقربا پروری ،کرپشن،غیر پیشہ وارانہ طرز عمل اور عزم کی کمی ہے۔ ہم بحیثیت سیاستدان، جج، افسران، سرمایہ کاراور تاجر اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے ہیں او رہم نے اپنے وطن اور بچوں کیساتھ انصاف نہیں کیاہے لیکن اب ماضی کی غلطیوں پر رونے دھونے کا اور آنسو بہانے کا کوئی فائدہ نہیں ہمیں ان غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھناہے۔ بہاولپور ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی سکیموں کے لئے ریکارڈ فنڈز رکھے گئے ہیںاوروزیراعظم کی قیادت میں ملک بھر میں توانائی منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے منصوبوں کے مکمل ہونے سے ملک سے ہمیشہ کیلئے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔ پاکستان کے دشمنوں کے خلاف آپریشن ردالفساد کامیابی سے آگے بڑھ رہاہے -انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا اور پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں گزشتہ چار سال میںشفافیت کے نئے مینار قائم کیے گئے ہیں اور سازشوں کے باوجود ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔ ترقی مخالف ایجنڈا پر کام کرنیوالے بعض سیاسی عناصر پہلے کی طرح آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں