راجناتھ نے کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشتگردی قرار دیدیا
نئی دہلی: بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کو برقرار رکھتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی اور پاکستان کو براہ راست اسکا ذمے دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت جموں وکشمیرمیں پاکستان کی حمایت سے جاری دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر مسئلے کا مستقل حل نکالنے اور مختلف فریقوں سے بات چیت کا راستہ ہموار کریگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راجناتھ سنگھ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مربوط راستہ اختیار کرے گی جس میں فوجی اور سیاسی دونوں کی ہم آہنگی ہو گی،کچھ طاقتیں پاکستان کی شہ پر نوجوانوں کو گمراہ کر رہی ہیں لیکن ان قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان اپنے یہاں سندھ، بلوچستان اور مشرقی پاکستان کو نہیں سنبھال سکا لیکن ہندوستان کیخلاف ان قوتوں کا استعمال کر رہا ہے۔
دریں اثنا راجناتھ سنگھ نے ہماچل پردیش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اس عمل کو طویل عرصے تک جاری نہیں رکھ سکے گا، بھارتی فوج کو اجازت دیدی ہے کہ اگر سرحد پر پاکستان ایک گولی بھی چلائے تو جواب میں گولیوں کا شمار نہ کیا جائے۔