رمضان المبارک میں ہمیں اپنے اعمال کا محاسبہ کرنا چاہیے: رفیق تارڑ
لاہور (خصوصی رپورٹر) رمضان المبارک رحمتوں‘ مغفرتوں اور آتشِ جہنم سے نجات حاصل کرنے کا مہینہ ہے۔یہ غم گساری کا مہینہ ہے اوراس ماہ مبارکہ میں ہمیں ایک دوسرے کے غم اور دکھ بانٹ لینا چاہئیں۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں استقبال رمضان کے سلسلے میں خصوصی تقریب بعنوان ’’ماہ رمضان المبارک کے فضائل وبرکات‘‘ کے دوران کیا ۔ اس موقع پر سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد شرقپوری، زیب سجادہ آستانۂ عالیہ چورہ شریف پیر سید احمد ثقلین حیدر چوراہی، مذہبی سکالر علامہ محمد منشا تابش قصوری ، علماء و مشائخ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ رفیق تارڑ نے تقریب کے شرکاء کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہمیں اپنے اعمال کا محاسبہ کرنا چاہیے اور غور کرنا چاہیے کہ دنیائے اسلام کی موجودہ بے بسی اور ذلت کا سبب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اُن مسلمان بھائیوں کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے جو تنگ دستی کا شکار ہیںصاحبزادہ میاں ولید احمد جواد شرقپوری نے کہا کہ رمضان المبارک برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے۔ پیر سید احمد ثقلین حیدر چوراہی نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ احتسابِ نفس کا درس اور محاسبۂ ذات کی تلقین کرتا ہے۔ علامہ محمد منشا تابش قصوری نے کہا ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ تم پر رمضان کے روزے فرض کیے گئے تاکہ تم پرہیزگار بنو۔ شاہد رشید نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ماہ رمضان المبارک کے پورے مہینے کو برکتوں اور سعادتوں سے سجایا ہے۔ پروگرام کے آخر میں نبی کریمؐ کے حضور درودوسلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔