قوم و وطن کے امن و تحفظ کے حصول تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، صدر اردوان
انقرہ۔30مئی2017
(بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈا)
ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ قوم و وطن کے امن و تحفظ کے قیام تک دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق فتح استنبول کے 564 ویں سال کے موقع پر دی جانے والی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ اس اہم دن کے موقع پر ہم اس خوبصورت شہر کو فتح کرنے والے فاتح سلطان محمد خان اور اس کی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی مغفرت کے دعا گو ہیں۔
اردوان نے کہا کہ ترکی کے تمام تر 80 اضلاع کا استنبول کے ساتھ انسانی و جسمانی تعلق ہے اور استنبول کو بیان کرنا، ترکی کو بیان کرنے اور اسی طرح استنبول کی خدمت کرنا، ترکی کی خدمت کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص کر دہشت گرد تنظیم فیتو، داعش اور پی کے کے سمیت تمام تر دہشت گرد تنظیموں کے استنبول کو پہنچائے گئے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور ان کو اس پیارے شہر سے دور رکھنے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں ہم پر اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم ڈیموکریسی اور اقتصادیات میں ایک نئے دور کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ جس کے لیے خاص کر 2019 ء تک کے دور کو بڑے فائدہ مند طریقے سے استعمال کیا جانا چاہیے اور اب تک کی طرح ہمارے آئندہ کے اہداف کے لیے استنبول ایک انجن کی حیثیت کو برقرار رکھے گا۔