پی ٹی آئی چیرمین کا جواب پڑھ کر سمجھ نہیں آ رہا نوٹس کس بات کا دیا تھا: چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ ) الیکشن کمشن نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔ عمران خان نے توہین عدالت کیس میں جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا، جس میں کہا گیا ہے الیکشن کمیشن کی توہین کا مرتکب ہوا نہ کبھی ایسا سوچا، عمران خان نے جواب میں الیکشن کمشن سے کسی قسم کی غیر مشروط معافی کی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔ عمران خان کے جواب کو پڑھ کر چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا نے کہا کہ جواب پڑھ کر ہمیں یہ بھی سمجھ نہیں آرہا کہ ہم نے نوٹس کس بات کا دیا تھا۔ توہین عدالت کیس کی سماعت کے موقع پر عمران کے وکلا نے تحریری بیان الیکشن کمشن میں پیش کیا۔ جس میں کہا کہ الیکشن کمشن کا احترام کرتا ہوں ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کیلئے آزاد اور خودمختار الیکشن کمشن پر یقین رکھتا ہوں، الیکشن کمشن کو خودمختار بنانے کے لئے پی ٹی آئی نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں متعدد تجاویز دی ہیں، 9جنوری کو وکیل کی جانب سے دائر کی گئی نظرثانی درخواست واپس لے لی گئی تھی، درخواست گزار نے میرے بیان کو حقائق کے برعکس پیش کیا، سپریم کورٹ میں صحافی کے سوال پر الیکشن کمشن میں زیرسماعت مقدمے کی کارروائی کی تفصیلات کا علم نہیں تھا۔ سپریم کورٹ میں بھی عمران خان نے نا اہلی کیس میں تحریری جواب جمع کرا دیا ہے جس میں انہوں نے منی لانڈرنگ سے انکار کیا گیا ہے اور حنیف عباسی کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کر نے کی ا ستدعا کی ہے ۔ عمران خان کے سپریم کورٹ میں جمع کرائے جانے والے جواب میں اضافی دستاویزات ، منی ٹریل، نیازی سروسز کو پاکستان میں ظاہر نہ کرنے کی وجوہات، راشد علی خان کی طرف سے بھجوائے گئے 20 ہزار پائونڈز کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں ۔ عمران خان کے جواب میں مزید کہا گیا کہ انہوں نے برطانیہ میں پروفیشنل کرکٹ 1979 نہیں 1988 تک کھیلی جبکہ ان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ کی جانب سے بھیجی گئی رقم پبلک فنڈز نہیں تھی اور رقم کا لین دین میاں اور بیوی کے درمیان ہوا اس لئے منی لانڈرنگ کا کسی صورت سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پاکستان سے باہر کوئی رقم منتقل نہیں کی گئی اور لندن فلیٹ کرکٹ کی جائز کمائی سے خریدا گیا تھا۔ عمران اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لئے دائر مقدمہ کے درخواست گزار حنیف عباسی نے ایک اور متفرق درخواست کی ہے جس میں انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عمران خان سے نیازی سروسز لمیٹڈ کی بنک اکائونٹس کی تفصیلات طلب کی جائیں کیونکہ مقدمے کی سماعت کے دوران عمران خان ضروری دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں