پاکستان

وفاقی بجٹ عوام دوست‘ قومی منصوبوں پر سیاست زہر قاتل ہے : شہبازشریف

لاہور (نیوز وی او سی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پنجاب ہاﺅس، اسلام آباد میں راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے ملاقات کی۔ وفاقی وزراءچوہدری نثار علی خان، شاہد خاقان عباسی ، شیخ آفتاب احمد، مریم اورنگزیب، ایم این اے حمزہ شہباز اور دیگر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں، عوام کی فلاح و بہبودکے پروگراموں، کسان پیکیج، گندم خریداری مہم، خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام، امن عامہ اور دیگر فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت صدق دل سے ملک و قوم کی ترقی کے لئے کوشاں ہے اور یہی وجہ ہے وفاقی حکومت نے عوام دوست، فلاحی و ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے جس سے ملک میں معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوامی مشکلات میں کمی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت ہمارا طرہ امتیاز ہے اور حکومت ترقیاتی و معاشی انقلاب کے روڈ میپ پر عمل پیرا ہے۔ توانائی کے منصوبے وقت مقررہ سے پہلے مکمل ہو رہے ہیں، جن سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور شہریوںکی قربانیوں سے ملک میں دہشت گردی پر قابو پایا گیا ہے اور ملک امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے ملک میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور ہماری ہر سوچ کا محورو مرکز عام آدمی کی زندگی میں بہتری اور خوشحالی لانا ہے۔ عام آدمی کی زندگی میں بہتری اور خوشحالی لانے کےلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلی نے راولپنڈی میںسیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا سیف سٹی پراجیکٹس کےلئے رقوم رکھی گئی ہیں اور یہ منصوبے راولپنڈی، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، بہالپور اور گوجرانوالہ میںشروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا عوام کے لئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کررہے ہیں اور صوبے میں 318 سستے رمضان بازاروں کے لئے 9 ارب روپے کا تاریخی رمضان پیکیج دیا ہے۔ کھادکی قیمتوں میں کمی، بلا سود قرضوں سے چھوٹے کاشتکاروںکو بے حد فائدہ حاصل ہوا۔ پاکستان کی 70 سالہ میں پہلی مرتبہ قومی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے اور پیسے بچا کر تعلیم صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوںپر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں نئی سٹی سکین مشینیں فراہم کی جا رہی ہیں اور اعلی معیار کی ادویات مہیا کی گئی ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا ضمنی انتخابات کے نتائج اس امر کے شاہد ہیں کہ مسلم لیگ (ن)کی عوامی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور عوام وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوامی نمائندوں اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنماوں سے کہا کہ وہ قومی قیادت کی توقعات کے مطابق کسی سیاسی محاذ آرائی میں الجھنے کے بجائے اپنی توجہ عوامی خدمت پر مرکوز رکھیں۔ ہماری چار سالہ کارکردگی سب پر عیاں ہے اور یہ ہماری کامیابی بین ثبوت ہے کہ عالمی ادارے بھی پاکستان کا شمار دنیا کی تیزی سے ابھرتی کامیاب معاشی قوتوں میں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1320میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ نے صرف 22ماہ کی مدت میں بجلی کی پیداوار شروع کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اور منصوبے کے دوسرے پلانٹ کے ٹرائل کا آغاز ہوگیا ہے۔ 10جون تک مزید 660میگا واٹ بجلی حاصل ہونے سے یہ پراجیکٹ مجموعی طورپر 1320میگا واٹ بجلی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا مشکلات کے باوجود پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو آگے بڑھایا ہے۔ دھرنا دینے والے سیاسی عناصر ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں جبکہ ماضی کی حکومتوں نے لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم کئے رکھا- دھرنے دے کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے خلاف ناپاک سازش کی گئی اور لاک ڈا¶ن کے ذریعے ایک بار پھر ملک کو ترقی کے ٹریک سے ڈی ریل کرنے کی کوشش کی گئی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے سکیورٹی اور امن و امان کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزرا، صوبائی وزراءاور ارکان اسمبلی نے صوبائی بجٹ اور علاقائی مسائل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے اس موقع پر صوبائی حکومت کی اعلی کارکردگی اور خصوصاً قومی منصوبوں میں بچت، کفایت شعاری اور شفافیت پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا۔ مزید برآں شہباز شریف نے ٹریفک پولیس حکام کو ہدایت کی ہے ماہ رمضان میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی جاری رکھنے کے لئے موثر ٹریفک پلان مرتب کیا جائے اور رمضان المبارک میں خصوصاً افطار کے موقع پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افطار کے اوقات میں کہیں بھی ٹریفک کی روانی میں خلل نہیں آنا چاہیے۔وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب ہاﺅس، اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس کے آغاز پر خود تلاوت کلام پاک کر کے کارروائی شروع کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان پر اپنا کرم فرمائے، تمام مسلمانوں کے لئے ماہ صیام اللہ تعالی کی برکتیںاور رحمتیں لائے اور ہمیں اس قدر ہمت اور قوت عطا فرمائے کہ ہم ملک کو درپیش تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔ راولپنڈی ڈویژن کے اراکین اسمبلی کی جانب سے1320میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی 22ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعلی شہبازشریف کو مبارکباد دی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button