24 مئی 2017
( بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
مانچسٹر کنسرٹ میں ملوث خودکش حملہ آور سلمان عبیدی کے والد کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا بے قصور ہے جب کہ اس کا نہ ہی کنسرٹ میں حملے اور نہ ہی کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق ہے۔
برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں کنسرٹ کے دوران خودکش حملہ کرنے والے سلمان عبیدی کے والد نے طرابلس سے برطانوی اخبار سے بات کرتے ہوئے بیٹے کے کسی بھی دہشت گرد تنظیم سے تعلقات کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا بے قصور ہے اور اس کا حملے سے کوئی تعلق نہیں، معصوم لوگوں کو مارنا ہمارا کام نہیں، میں نے 5 دن قبل ہی بیٹے سے فون پر بات کی تھی اور وہ ایک دم پرسکون اور نارمل تھا۔
سلمان عبیدی کے والد کا کہنا تھا کہ سلمان رمضان کا مہینہ گھروالوں کے ساتھ گزارنے کے لیے لیبیا آنے کی تیاریاں کررہا تھا جب کہ پولیس نے گزشتہ روز ان کے دوسرے بیٹے اسماعیل کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مانچسٹرارینا کے سٹی سینٹر میں امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے کے کنسرٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 60 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔