دوران واردات موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو مضروب کر کے نقدی چھیننے والے ابو سفیان چنگڑ گینگ کے تین ارکان گرفتار

گوجرانوالہ24مئی 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
رہزنی کی متعددوارداتوں کا انکشاف۔ 6موٹر سائیکل ، ایک پسٹل ، دو موبائل فونزاور 70ہزار نقدی برآمد
سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان کی سی آئی اے ٹیم کو شاباش اور نقد انعام و تعریفی اسناد دینے کا اعلان۔
سی آئی اے پولیس نے ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ کی زیر نگرانی اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوران واردات موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو مضروب کر کے 70ہزار نقدی اور قیمتی اشیاء چھیننے والے ابو سفیان چنگڑ گینگ کے تین ارکان گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 6موٹر سائیکل ، ایک پسٹل ، دو موبائل فونز اور 70ہزار نقدی برآمد کی ہے ۔ گرفتار کئے گئے ملزمان میں ابو سفیان ولد محمد حنیف قوم چنگڑ سرویا سکنہ محلہ کامران کالونی آٹاوہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ ( سرغنہ )
کاشف ولد اشرف قوم چنگڑ سرویا سکنہ محلہ کامران کالونی آٹاوہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ اور ثاقب ولد حبیب قوم چنگڑ سرویا سکنہ دھوپ سٹری کامونکی گوجرانوالہ شامل ہیں۔ دوران ابتدائی تفتیش ملزمان نے رہزنی کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان بوقت شب انڈر پاس ایمن آباد جی ٹی روڈ گوجرانوالہ سے کراس کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو گن پوائنٹ پر روکتے موبائل ، نقدی اور موٹر سائیکل چھین لیتے ۔ ایک ملزم جی ٹی روڈ کے اوپر کھڑا ہوتا جو بذریعہ ٹیلی فون نیچے انڈر پاس میں کھڑے دیگر ملزمان سے رابطے میں رہتا آنے والے موٹر سائیکل سواروں کے بارے میں بتلاتا اور مسلسل نگرانی کرتے ہوئے صورت حال سے ملزمان کو آگاہ کرتا رہتا بعد واردات ملزمان موٹر سائیکل کے ٹینکی ٹاپے اور نمبر پلیٹ تبدیل کرکے خود استعمال کرتے رہتے اپنے پاس پرانی اور ناکارہ موٹر سائیکل کو چھینی گئی موٹر سائیکل کے سپیر پارٹس سے تبدیل کر لیتے ۔ ابو سفیان سر غنہ گینگ متاثر اشخاص کو مزید خوفزدہ کرنے کے لیے اپنے پسٹل سے فائر بھی کرتا۔ تفصیلات کے مطابق ماہ اپریل کے دوران رحمانیہ فلور ملز کے قریب نا معلوم ملزمان نے موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی کو روک کر اسلحہ کے زور پر ہراساں کر کے ان سے نقدی اور قیمتی اشیاء چھین لیں ۔ مزاحمت پر فائرنگ کر کے خاتون کو شدید مضروب کر دیا ۔ اندراج مقدمہ کے بعد ایس ایس پی آپریشنز محمد ندیم کھوکھر نے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ کو مقدمہ کی تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری بارے احکامات جاری کئے ۔ ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے محمد اختر اے ایس آئی، عدنان بٹ، اشرف محمود اور محمدسلیم پر ٹیم تشکیل دے کر انہیں مناسب ہدایات جاری کیں۔ ٹیم نے علاقے کے لوگوں سے اہم معلومات حاصل کیں ۔ مدعی مقدمہ سے ملے ۔ موقع سے اہم شواہد اکٹھے کئے۔ جدید ٹیکنالوجی کے بدولت تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے نا معلوم ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ دوران ابتدائی تفتیش ملزمان نے صدر کامونکے ، ایمن آباد اور سٹی کامونکے کے علاقے میں رہزنی کی وارداتوں کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ راتوں رات امیر ہونے کے چکر میں تھے اور انہوں نے اس مقصد کے لیے جرم کی دنیا کا انتخاب کیا۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے ۔ گروہ کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحرک کیا جا رہا ہے۔ اہم انکشافات کی توقع ہے ۔ ملزمان کی گرفتاری پر اہل علاقہ اور مدعی مقدمات نے سی آئی اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے ڈی ایس پی سی آئی اے عمران عباس چدھڑ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعام و تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔