ایڈیٹرکاانتخاب

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن دیکھنے کا خواہش مند ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں سعودی عرب میں 2 دن گزارنے کے بعد اسرائیل پہنچے جہاں اسرائیلی صدر اور وزیراعظم نے تل ابیب ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایئرپورٹ پر صحافیوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے محبت ہے اوراس کا احترام کرتے ہیں، امریکا اور اسرائیل دونوں کو ایک ہی طرح کے مسائل درپیش ہیں اور ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنے پر بھی دونوں ممالک کا ایک ہی موقف ہے جب کہ اسرائیل اور امریکا مل کر اپنے خواب پورے کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن دیکھنے کا خواہش مند ہوں جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازع کو حل کرنے اور خطے میں امن اوراستحکام لانے کا نادرموقع ہے، ہم مل کرکام کریں گے تو ہی خطے میں خوشحالی، استحکام اورامن آئے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکا اور اسرائیل ہم آہنگی اور پر امن طریقے سے مل کر چل سکتے ہیں کیوں کہ ہمیں مل کر ہی دہشت گردی کو شکست دینی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ اس بات کو ترجیح دیں گے کہ اسرائیل اورفلسطین براہ راست مذاکرات کے ذریعے باہمی رضامندی سے تمام مسائل کو حل کریں کیوں کہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا اسرائیل کا یہ تاریخی دورہ ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورے میں اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس میں وہ اسرائیل فلسطین تنازع کو ملکر کر حل کرنے پر زور دیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button